کشتواڑ//کشتواڑ کے متعدد گائوں کے رہائشیوں نے محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے ان کے جائز مطالبات کے فوری ازالہ کیلئے مانگ کی ہے۔اندرا نگر ،ہلر،کلید،زیلنا،سنگرام بھاٹہ ،چرہار اور مضافات کے گائوں کے لوگوں نے کہا کہ انہیں گذشتہ ایکا ماہ سے پانی کی سخت قلت کا سامنا ہے۔گائوں والوںنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہوں نے پینے کے صاف پانی نہ مہیا کرنے پر انتظامیہ کے خلاف کئی بارمظاہرے بھی کئے لیکن وہ ٹس سے مس نہیں ہوئے۔گائوں والوں نے محکمہ پی ایچ ای کے سخت رویہ کے خلاف دھمکی دی ہے کہ اگر انہوں نے معاملہ نہیں سلجھایا تو لوگ سڑکوں پر اتریں گے اور محکمہ کے خلاف مظاہرے کئے جائیں گے۔لاچھ خزانہ کے ایک رہائشی نے کشمیر کو بتایا کہ ہمیں پانی کی سہولت سے محروم رکھا گیا ہے اور ہم نے کئی بار محکمہ اور انتظامیہ سے درخواستیں کی ہیں لیکن انہوں نے ہماری پریشانی کی طرف دھیان نہیں دیا ہے۔انہوں نے لوگوں کیلئے انتظامات مہیا رکھنے کے انتظامیہ کے دعوے کو مستردد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ان علاقوں میں پانی بحال کرنے مین ناکام ہو گیا ہے۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ چند سیاسی لوگوں کو مہیا کرتے ہیں جب کہ گائوں کیلئے پانی کے ٹینکر بھی دستیاب نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا ہمیں پینے اور کھانا پکانے کیلئے ایک کلو میٹر دور سے پانی لانا پڑتا ہے۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر انتظامیہ نے پانی کی سپلائی بحال نہیں کی تو وہ مظاہرے کرنے کیلئے مجبور ہیں۔