کشتواڑ//پولیس نے کشتواڑ سے دو افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ وگولہ بارود بھی برآمدکرنے کا دعویٰ کیاہے۔ پولیس کی جانب سے جاری کئے گئے پریس بیان کے مطابق اس ماہ کی24 تاریخ کو پولیس سٹیشن چھاترو کومعتبر طور پر یہ بات معلوم ہوئی کہ دو نوجوان اشفاق قیوم ٹاک ولد عبدالقیوم ساکنہ پاسرکوٹ تحصیل چھاترو اور توصیف گیری ولد غلام قادر گیری ساکنہ پوچھال تحصیل و ضلع کشتواڑ اننت ناگ کشمیر سے تعلق رکھنے والے حزب المجاہدین تنظیم کے ملی ٹنٹوںسے قریبی رابطے میں ہیں۔پولیس کے مطابق مذکورہ نوجوان ملی ٹنٹوں کو سیکورٹی فورسز کے حوالے سے معلومات فراہم کر رہے ہیں اور تھانہ چھاترو کے دائرہ کار میں عسکری کارروائیاں کرنے کی سازش رچا رہے ہیں۔ اس معلومات پر ایک مقدمہ ایف آئی آر زیر نمبر 53/2021 زیردفعہ13 ، 18بی یو اے پی اے مورخہ24اگست پولیس سٹیشن چھاترو میں درج کیا گیا ہے جسکے بعد پولیس ، آرمی 11RR اور سی آر پی ایف 52بٹالین کی طرف سے مخصوص معلومات پر 25/26 اگست کو نعیدگام چھاتروکے جنگلاتی علاقے میں تلاشی کاروائی کی گئی جس دوران دونوں افراد کو گرفتار کیا گیاجسکے بعد انھوں نے انکشاف کیا اور علاقہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا جس میں 1 پستول ، پستول میگزین1، پستول رائونڈ 20، گرینیڈ 1، اے کے47 میگزین 1 خالی، وائرلیس سیٹ2، وائرلیس اینٹینا 1، حزب المجاہدین تنظیم ڈوڈہ ڈویژن کا لیٹرپیڈ برآمد کیا گیا جسکے بعد کیس کی مزید تفتیش شروع کردی گئی اورآنے والے دنوں میں مزید گرفتاریاں متوقع ہیں۔