کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں کورونا کرفیو مسلسل تیسرے ہفتے بھی جاری ہے جسکے سبب عام زندگی بری طرح مفلوج ہوچکی ہے۔ اگرچہ صبح سات سے دس بجے تک دوکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جاتی ہے جسکے بعد بازاروں میں پھر سناٹا چھاجاتا ہے اور لوگ گھروں میں ہی محصور ہوجاتے ہیں ۔آج تک سبزی، گوشت ،دودھ، بیکری کی دوکانوں کے ساتھ کریانہ کی دوکانوں کو بھی کھلنے کی اجازت تھی وہیں ایتوار کو صبح سات بجے سے دس بجے تک صرف دودھ ،سبزی گوشت ، بیکری و چکن کی دکانیں کھولنے کو کہاگیاجبکہ کریانہ کی دوکانیں بند رکھی گئیں۔ صبح سات بجے سے دس بجے تک بازاروں میں کافی بھیڑ دیکھنے کو ملی رہی تھی جبکہ اتوار کواس بھیڑ میں نمایاں کمی دیکھنے کو ملی اورٹریفک جام بھی نہیں دیکھنے کو ملا۔ کرونا وائرس کے مثبت معاملوں کی تعداد میں مسلسل کمی درج کی جارہی ہے جبکہ اس وقت ضلع میں کل 300کے قریب مثبت معاملے ہیںاور روزبروز ان معاملات میں کمی درج کی جارہی ہے۔ پولیس مسلسل لوگوں سے بلاجواز گھروں سے باہر نہ آنے کی اپیل کر رہی ہے لیکن باوجود اسکے لوگ گھروں سے باہر نکل رہے ہیں ۔قصبہ کے ساتھ ساتھ ضلع کے دیگر علاقہ جات میں بھی کرونا کرفیو مسلسل جاری ہے۔ کشتواڑ کے چھاترو ، مغل میدان، پاڈر ، ٹھکرائی ، درابشالہ ، بونجواہ و دیگر علاقوں میں بھی کرونا کرفیو کا نفاز مسلسل عمل میں لایا جارہا ہے جس دوران تمام تر تجارتی مراکز دس بجے کے بعد بند رہے۔