کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے قصبہ میں ہوئے ایک کاروباری کے سنسنی خیز قتل کو حل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولیس نے اس سلسلہ میںملزم کو گرفتار کرکے مجسٹریٹ اور سول گواہوں کی موجودگی میں آلہ قتل کو بھی برآمد کیا ہے۔مقتول اشتیاق احمد ڈار ولد غلام رسول ڈار ساکنہ وازا گواری، سیمنہ کالونی کشتواڑ کا قتل 9مارچ کو کیا گیا تھا، جسکے خلاف قصبہ میں لوگوں نے کافی احتجاج کیا تھا اور مبینہ ملزم کو فوری طور گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ کشتواڑکے ایس ایس پی ابرار چودھری نے ایڈیشنل ایس پی پربیت سنگھ کے ہمراہ جائے موقعہ کا دورہ کرکے اس کیس کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم زیر قیادت ایڈ یشنل ایس پی پربیت سنگھ اور ڈی ایس پی آپریشنزنثار احمد خوجہ،سینئر پراسکیوٹنگ افسر منصور احمد شیخ،ایس ایچ اوپولیس اسٹیشن کشتواڑانسپکٹر سمیر جیلانی اور ایس ایچ او پولیس اسٹیشن چھاترو انسپکٹر محمد بشیر تشکیل دی تھی ، جسکی نگرانی ایس ایس پی ابرار چودھری کر رہے تھے۔ پولیس نے اس سلسلہ میں جموں سے فورنیسک ماہرین کی خدمات بھی حاصل کیں اور چندی گڑھ سنٹرل فورنسک لیبارٹری کا بھی دورہ کیا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے اس کی تحقیقات مختلف زاویوں سے کی اور دوران تحقیقات پایا گیا کہ ملزم کی بیوی اور متوفی کی بیٹی درابشالہ میں امتحان دینے کیلئے ایکساتھ جایا کرتی تھیں اور ملزم کی گاڑی میں ہی مقتول ان دونوں کو امتحانی مرکز تک چھوڑتا اور لاتا بھی تھا ۔ اس دوران مقتول نے ملزم کی بیوی کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کی کوشش کی ،جس پر مبینہ ملزم اپنے ہوش وحواس کھو بیٹھا اور پہلے خود کشی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن بعد میں ملزم نے مقتول کو ختم کرنے کا منصوبہ بنا یا۔پولیس نے مبینہ ملزم کی پہچان بطور مظفر حسین کمل ولد ماسٹر ولی محمد کمل ساکنہ کمل محلہ کشتواڑ کے بیان کی ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی نے مزید بتایا کہ ملزم نے قتل میں ایک غیر ملکی پستول کا استعمال کیا تھا ، جو کہ اُس نے 2011 میںاپنے ایک اپنے چچا زاد بھائی عامر کمل سے حاصل کی تھی جوحزب المجاہدین کے ساتھ وابستہ تھا۔پولیس اسٹیشن کشتواڑ میں اس سلسلہ میں ایک معاملہ زیر ایف آئی آر 58/2018 زیر دفعہ 302۔آر پی سی درج ہے۔ ایس ایس پی نے کشتواڑ کے عوام کا پولیس کو اس سلسلہ میں تعاون دینے اور امن و قانون برقرار رکھنے کی سراہنا کی ۔