غلام نبی رینہ
کنگن// عالمی شہرت یافتہ صحت افزا مقام سونمرگ کے لئے محکمہ بجلی کی طرف سے کروڑوں روپے خرچ کرنے کے باوجود بھی بجلی کی آنکھ مچولی سے ہوٹل مالکان پریشان ہیں۔ اگرچہ سونمرگ میں 7×24 بجلی سپلائی فراہم کرنے کے لئے محکمہ کی طرف سے انڈر گراؤنڈ کیبل کے ذریعے سے کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی شدید برفباری کے دوران سونمرگ میں بجلی کی آنکھ مچولی سے نہ صرف ہوٹل مالکان پریشان ہوئے ہیں بلکہ رات کے دوران ہوٹلوں میں قیام کے دوران سیاحوں کو بھی پریشان ہونا پڑرہاہے۔ کئی ہوٹل مالکان نے بتایا کہ اگرچہ تقریبا تین برس قبل تک سونمرگ موسم سرما کے دوران آمدورفت کے لئے بند رہتی تھی جس کی وجہ سے یہاں نومبر میں ہی ہوٹل اور دیگر تجارتی ادارے بند کئے جاتے تھے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے جو سونمرگ کو بجلی سپلائی فراہم کی جارہی تھی وہ گگن گیر سونمرگ سے بجلی کھمبوں سے ترسیلی لائن بچھا کر فراہم کی جارہی تھی جس کو برفباری کے دوران نقصان ہورہا تھا جس کی وجہ سے موسم سرما کے دوران سونمرگ میں اکثر بجلی سپلائی متاثر ہوجاتی تھی تاہم ٹنل مکمل ہونے کے بعد محکمہ نے سونمرگ میں 7×24 بجلی سپلائی فراہم کرنے کے لئے کروڑوں روپے خرچ کرکے کیبل بچھا دی جس کے ذریعے سے سونمرگ کو بجلی کی سپلائی فراہم کی جارہی ہے۔ ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ لیکن امسال یہاں بجلی کی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے ہوٹل مالکان پریشان ہوئے ہیں کیونکہ ہوٹلوں میں سیاحوں کے قیام کے دوران جب اچانک بجلی غل ہوجاتی ہے تو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔