کپوارہ// کرناہ چوکی بل شاہراہ پر دو الگ الگ سڑک حادثات کے دوران2 نوجوان لقمہ اجل جبکہ 9دیگر شدید زخمی ہوئے ۔ سنگڑانہ لون ہرے کرالہ پورہ سے تعلق رکھنے والے 32سالہ نثار احمد خان ولد مرحوم غلام حسن خان ،اقبال احمد اعوان ولد عبد الرشید اعوان ،الطاف احمد اعوان ولد عبد الرشید اور عاشق حسین بٹ، جو ایک نئی نویلی دلہن کیساتھ کرنا گئے تھے، اتوار کے روز گا ڑی زیر نمبرJK01V/9561 میں سوار ہوکر واپس کرالہ پورہ آنے کے دوران نیچین بالا چوکی بل شاہراہ پر ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گئی اور گہری کھائی میں جاگری ۔حادثہ کی خبر سنتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے واردات پر پہنچ گئے اور خون میں لت پت زخمیو ں کو سب ضلع اسپتال ٹنگڈار میں دا خل کیا تاہم 32سالہ نثار احمد خان اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اپنی زندگی کی جنگ ہار گیا ۔نثار کے مرنے کی خبر جب اس کے آ بائی گائو ں سنگڑانہ لون ہرے پہنچ گئی تو وہا ں کہرام مچ گیا ۔اس سے ایک سال قبل نثار کا بھائی اپنے ہی گھر کے سامنے ایک کنو یں کی صفائی کے دوران لقمہ اجل بن گیا تھا۔مذکورہ کنبہ کوایک سال میں دو بھائیوں کی لاشیں ملی ہیں۔ ابھی نثار احمد خان کا نماز جنازہ جاری تھا کہ چوکی بل شاہراہ پر ہی ٹی پی (سٹیج ٹو)کے نزدیک ایک لو ڈ کیرئر کو حادثہ پیش آیا جس کے دوران 27سالہ نوجوان فاروق احمد خان کی موت واقع ہوئی جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے ۔بتایا جاتا ہے کہ کرناہ سے چوکی بل کی طرف آرہی ایک ٹاٹا موبائل نے جو ں ہی نستہ ژھن گلی پار کی تو ٹی پی (سٹیج ٹو )کے نزدیک اسے حادثہ پیش آیا ۔ گا ڑی الٹنے سے ڈرائیور سمیت 7افراد زخمی ہوئے جن میں مارسری چوکی بل کا فاروق احمد خان موقع پر ہی لقمہ اجل بن گیا جبکہ چھ دیگر زخمی ہوئے جن کی شناخت ذاکر حسین ،زبیر احمد ،بابر احمد لون ،ارشاد احمد نائیک ،محمد امین لون اور جاوید احمد برا شامل ہیں ۔مزکورہ گاڑی ایک مو صلاتی کمپنی کے مزدورو ں کو لیکر جا رہی تھی۔