جنوبی افریقہ پر 88رنز کی برتری،فواد عالم سنچری بنا کر آؤٹ
کراچی/دو کرکٹ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو پہلی اننگز میں 220رنز پر آؤٹ کرنے والی پاکستانی ٹیم کو حریف ٹیم پر 88رنز کی برتری حاصل ہو گئی ہے۔میچ میں دوسرے روز کے کھیل کے اختتام پر پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں اب تک آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 308رنز بنا چکی ہے۔فواد عالم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نو چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ سنچری مکمل کی اور پھر 109رنز کے سکور پر لونگی نگیڈی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔اس وقت کریز پر حسن علی اور نعمان علی موجود ہیں۔آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 64 رنز کی باری کھیلی اور فواد کے ساتھ 102 رنز کی شراکت قائم کی جس نے ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر کھڑا کیا۔ لیکن پھر پہلے فواد اور چند گیندوں کے بعد فہیم کو پویلین لوٹنا پڑا۔اس سے قبل اظہر علی 51رنز جبکہ محمد رضوان 33کے سکور پر آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ماہراج، نورکیا، نگیڈی اور ربادا سب نے دو، دو وکٹیں حاصل کی ہیں۔آج صبح جب دوسرے دن کے کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 33 رنز پر چار کھلاڑی آؤٹ سے اپنی اننگز شروع کی تھی۔ گذشتہ روز کے آخری سیشن میں پاکستان کی چار وکٹیں گِر چکی تھیں۔میچ کے پہلے دن جب جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ان کے بلے بازوں کو کافی مشکلات رہیں اور پاکستانی بولرز ان پر حاوی رہے۔ مہمان ٹیم 220رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔مگر پھر پاکستانی ٹیم کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کے دونوں اوپنر 15کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز عابد علی تھے جو چار رنز بنا سکے جبکہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے عمران بٹ کے ٹیسٹ کریئر کی پہلی اننگز صرف نو رنز پر تمام ہوئی۔ یہ دونوں وکٹیں ربادا نے حاصل کیں۔نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں زخمی ہونے کی وجہ سے حصہ نہ لینے والے پاکستانی کپتان بابر اعظم کا سکور بھی دوہرے ہندسوں تک نہ پہنچ سکا اور وہ سات رنز بنا کر کیشو مہاراج کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ یہ بابر اعظم کا بطور کپتان پہلا ٹیسٹ میچ ہے۔چوتھی وکٹ نائٹ واچ مین شاہین شاہ آفریدی کی گری جو صرف چار گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور نورجے کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔اس سے قبل منگل کی صبح نیشنل سٹیڈیم میں 14برس کے وقفے کے بعد پاکستان آنے والی جنوبی افریقہ کی ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور مہمان ٹیم کو 70ویں اوور میں 220رنز کے مجموعے پر پویلین بھیج دیا۔