نئی دہلی // طویل عرصے بعد بلائی کانگریس ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ پانچ گھنٹے سے زیادہ چلی جس میں تنظیمی انتخابات ، ملک کی سیاسی اور اقتصادی صورت حال ، پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات اور خارجہ پالیسی پر طویل بحث ہوئی ۔ اجلاس کے بعد یہ بات واضح ہوگئی ہے کہ اگلے سال 21 اگست اور 20 ستمبر کے درمیان کانگریس کے نئے صدر کا انتخابات ہو جائے گا۔ اجلاس کے دوران کچھ ارکان نے راہل گاندھی سے کانگریس صدر کی ذمہ داری سنبھالنے کے لئے گزارش کی، جس پر راہل گاندھی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔اجلاس کے بعد صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رہنما کے سی وینو گوپال نے کانگریس ورکنگ کمیٹی میں پاس ہوئی قرارداد کے اہم نکات بتاتے ہوئے کہا کہ کانگریس مرکزی حکومت کے خلاف عوامی بیداری مہم چلائے گی اور مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف عوامی بیداری پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جب تک کانگریس صدر منتخب نہیں ہوتے تب تک سونیا گاندھی ہی مکمل طور پر صدر کے فرائض انجام دیں گی اور وہ خراب صحت کے با وجود کانگریس کا کام کاج پوری طرح دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈبلو سی کا مکمل اجلاس اگلے سال ستمبر یا اکتوبر میں ہونے کا امکان ہے۔