جموں //کانگریس اور نیشنل کانفرنس نے مہاراجہ کو ریاست سے فرار ہونے اور جلا وطنی کی زندگی گُذارنے پر مجبور کیا۔ ان باتوں کا اظہار بی جے پی کے ایم ایل سی کنور اجات شترو سنگھ نے پارٹی کے ریاستی ترجمان بریگیڈیر انیل گپتا، بلبیر رام رتن کے ہمراہ پارٹی کے صدر دفتر پر بدھ کے روز منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے گُذشتہ روز کشتواڑ میں آر ایس ایس لیڈر کو اپنے پی ایس او اور ایک عام شہری کے ہمراہ ہلاک کرنے کی بھی مذمت کی اور ا قلیتی طبقہ کو خوف زدہ کرنے کی ایک مذموم حرکت سے تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ ایسی حرکتوں سے حُب الوطنی طاقتوں کو خوف زدہ نہیں کیا جا سکتا ہے۔انہوں نے کانگریس پارٹی کی جانب سے جاری بیانات کا سنجیدہ نوٹس لیتے ہوئے کہا کانگریس نے اپنی وزارت کے دوران ملک، خطہ اور سماج کیلئے کُچھ نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ 60 سے 70 سال تک بر سر اقتدار رہے لیکن فقط اسکے فوائد ہی حاصل کئے اور غریب عوام کیلئے کُچھ نہیں کیا۔اودہمپور حلقہ سے بی جے پی کے ممبر ڈاکٹر جتیندر سنگھ کی حصولیابیوں کا شمار کرتے ہوئے انہوںنے اس دوران لانچ کی گئی سکیموں اور پروجیکٹوں کا شمار کیا۔انہوں نے ڈوگروں اور انکی عزت کی باتیں کرنے والوں سے کہا کہ وہ یہ بتائیں کہ انہوں نے اپنے دور میں ڈوگروں کیلئے کیا کیا۔ اور کہا کہ اٹل بہاری واجپائی نے ہی ڈوگری زبان کو آئین کے آٹھویں شیڈول میںشمار کیا۔ انہوںنے مزید کہا کہ بی جے پی کے دور میں ہی کویندر گپتا کے بطور مئیر کے دور میں جموں میں مہاراجہ ہری سنگھ کے 2مجسمے نصب کئے گئے،جبکہ کانگریس اور این سی نے سازش کرکے مہاراجہ ہری سنگھ کو فرار ہونے اور ممبئی میں جلا وطنی کی زندگی گُذارنے پر مجبور کیا۔انہوں نے حلقہ کے ووٹروں سے کانگریس کے جھوٹے پروپگنڈ سے گمراہ نہ ہو کر ڈاکٹر جیتندر سنگھ کے حق میں ووٹ دیتے ہوئے انہیں دوبارہ پارلیمنٹ بھیجنے کی اپیل کی۔