فیاض بخاری
FAYZ BUKHARI (1)
بارہمولہ// بارہمولہ کے پتھلا کانسپورہ کے رہائشی ان دنوں ناقص نکاسی آب نظام کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میں ڈرینیج سسٹم کی خستہ حالی کے باعث گندا پانی سڑکوں اور گلی کوچوں میں جمع رہتا ہے، جس سے نہ صرف آمدورفت متاثر ہو رہی ہے بلکہ صحت عامہ کو بھی سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔مقامی باشندوں کے مطابق بارشوں کے دوران صورتحال مزید ابتر ہو جاتی ہے اور کئی علاقوں میں پانی گھروں تک داخل ہو جاتا ہے، جس کے باعث لوگوں کو روزمرہ زندگی میں دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ عوام نے کہا کہ متعدد بار متعلقہ حکام کو اس مسئلے سے آگاہ کیا گیا، تاہم اب تک کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔علاقہ مکینوں نے مقامی ایم ایل اے اور ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لے کر ڈرینیج نظام کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کریں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ لوگوں نے امید ظاہر کی کہ منتخب نمائندے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔