عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اننت ناگ کے کامڈعلاقہ میں ایک رہائشی مکان سے ایک مرد اور ایک خاتون کی لاشیں پراسرار حالت میں برآمد ہوئی ہیں، جس کے بعد پولیس اور ایف ایس ایل کی ایک ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ اور معاملے کی تحقیقات شروع کر دی۔ مقامی لوگوں نے مکان کے اندر لاشوں کی موجودگی کی اطلاع دی، جس پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور دونوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے لیا۔
یہ مکان محمد جبار بٹ ولد غلام احمد بٹ کا بتایا جا رہا ہے، جو اسی علاقے کا رہائشی ہے۔حکام کے مطابق، مرنے والوں میں ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں تاہم فوری طور پر ان کی شناخت نہیں ہو سکی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دونوں غیر مقامی معلوم ہوتے ہیں، تاہم اس کی باضابطہ تصدیق ابھی باقی ہے۔واقعے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے’ ایف ایس ایل‘ کی ٹیم کو بھی موقع پر طلب کیا گیا، جس نے شواہد جمع کرنے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کا عمل شروع کر دیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ دونوں اموات کی وجوہات فی الحال واضح نہیں ہو سکیں اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی اصل حقائق سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں تاکہ واقعے کی نوعیت اور پس منظر کا پتہ چلایا جا سکے۔ادھر مقامی آبادی میں اس واقعے کے بعد تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے، جبکہ پولیس نے یقین دلایا ہے کہ جلد ہی معاملے کی حقیقت سامنے لائی جائے گی۔