جموں // پولیس نے سنیچر کو کہا ہے کہ کالو چک کے مقامی لوگوں نے گذشتہ شب مشتبہ ہیکسا کاپٹر اور دو ڈرون اس علاقے میں دوبارہ دیکھے۔ایس ایس پی کھٹوعہ آر سی کوتوال نے کہا کہ گذشتہ شب مقامی لوگوں نے ڈرون جیسی سرگرمی دیکھی۔انکا کہنا تھا کہ جونہی اس طرح کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوتا ہے تو مقامی سطح پر پولیس کو اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ اب اس قسم کی مشتبہ سرگرمیوں کے بارے میں جان چکے ہیں۔ڈرون جیسی سرگرمی جموں پٹھانکوٹ شاہراہ پر نہال پورہ علاقے میں بھی دیکھی گئی۔اطلاع ملنے پر پولیس نے پورے علاقے میں تلاشیاں لیں لیکن کوئی مشکوک چیز بر آمد نہیں ہوئی۔سرحدی علاقوں کی سڑکوں اور دیہات میں سیکورٹی سخت کردی گئی ہے اور ان علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے چیکنگ کی جارہی ہے۔