عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//آئندہ یوم جمہوریہ کی تقریبات کے پیش نظر، سرینگر پولیس نے منگل کو ضلع کے مختلف دیہی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی کی کارروائیاں کیں تاکہ فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جاسکے۔ سرینگر کے مضافات میں ٹاکن واری، کرنہ بل، شالہ بگ اور بخشی پورہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی لی گئی۔پولیس کی ٹیموں نے، دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کی مدد سے 26جنوری تک کے دوران سخت حفاظتی اقدامات کے تحت رہائشی مکانات، کھلے میدانوں اور مشتبہ ٹھکانوں کی مکمل جانچ کی”۔انہوں نے کہا کہ یہ کارروائیاں معمول کے علاقے پر تسلط کی مشقوں کا حصہ ہیں جن کا مقصد امن کو برقرار رکھنا اور یوم جمہوریہ کی تقریبات کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کو روکنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی چیکنگ تیز کر دی گئی ہے اور سری نگر میں اضافی سکیورٹی چوکیاں قائم کی گئی ہیں۔ادھرسیکورٹی فورسز نے منگل کو سری نگربارہمولہ شاہراہ پر ایک دیسی ساختہ بم کی بروقت نشاندہی کے ساتھ ایک سانحہ ٹل گیا۔حکام نے مزید کہا کہ بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں تکیہ تاپر کے مقام پر مشتبہ ملی ٹینٹوں کی طرف سے آئی ای ڈی سڑک کے کنارے نصب کیا گیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ای ڈی کا پتہ سیکورٹی فورسز کی گشتی پارٹی نے لگایا تھا۔ دیسی ساختہ بم کو ناکارہ بنانے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو موقع پر پہنچا دیا گیا ہےجنہوںنے بم کو ناکارہ بنادیا۔