سرنکوٹ //نیشنل کانفرنس کے سینئرنائب صدر و سابق وزیر سید مشتاق بخاری نے حالیہ ژالہ باری سے ہوئے نقصان پر تشویش کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ سرنکوٹ کے علاقہ پنج سراںسے منڈی بائیلہ تک فصلیں اور میوہ جات تباہ ہوگئے ہیں ۔ یہاںجاری ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پورے تحصیل میں بڑے پیمانے پر تباہ ہوئی ہے لیکن افسوسناک بات ہے کہ ابھی تک حکومت کی طرف سے اس حوالے سے تخمینہ تک بھی نہیںلگایاگیا۔ انہوںنے کہاکہ اس علاقے میں لوگ نہ صرف میوہ جات گھروں میں استعمال کرتے ہیں بلکہ ان کو فروخت کرکے اپنی روزی روٹی کا ذریعہ بھی بناتے ہیںلیکن سب کچھ تباہ ہونے سے ان کی امیدیں خاک ہوگئی ہیں ۔ بخاری نے کہاکہ سرنکوٹ کے متعدل موسم کو دیکھتے ہوئے یہاں کی میوہ صنعت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے جس کیلئے یہ لازمی ہے کہ حکومت اس نقصان پر متاثرین کے ساتھ انصاف کرے اور ان کے حوصلے پست نہ ہونے دے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر اس صنعت سے جڑے لوگوں کی حوصلہ افزائی یا امداد نہ کی گئی تو اس سے یہ صنعت فروغ بھی نہیں پاسکے گی ۔ بخاری نے امید کی کہ حکومت سرنکوٹ کے متاثرہ کنبوں کو امداد دے گی اور اس حوالے سے کوئی جامع منصوبہ مرتب کیاجائے گا۔