منڈی// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت نے بدھ کو لورن ٹنگمرگ سڑک کی تعمیر کا معاینہ کیا ۔ اس دوران ان کے ہمراہ ایس ایس پی پونچھ اور بلاک لورن کے ڈی ڈی سی ممبر ریاض بشیر ناز بھی تھے۔دورے کے دوران آفیسر موصوف نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہاکہ 13کلو میٹر کا معاینہ کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس سے سڑک کی مزید تعمیر کیلئے رقومات نہ ہونے کی وجہ سے تعمیراتی عمل متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ تعمیرات کے سلسلہ میں مرکزی انتظامیہ کی جانب سے فنڈز وگزار نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے تعمیر ات ٹھپ پڑ گئی ہے ۔ضلع ترقیاتی کمشنر کا کہنا تھا کہ رقومات کی واگزاری کے حوالے سے انہوں نے جموں و کشمیر اور مرکزی سرکار کو تحریری طور پر لکھا ہوا ہے مگر ابھی تک مرکزی سرکار کی جانب سے کوئی بھی پہل نہیں ہوئی ۔ان کا کہنا تھا کہ جوں ہی سرکار کی جانب سے رقومات واگزار کی جاتی ہیں تو تعمیر اتی عمل دوبارہ سے بحال کر دیا جائے گا ۔