عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نلین پربھات نے کل بڈگام میں سیکورٹی کے موجودہ منظر نامے اور ضلعی پولیس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک جامع سیکورٹی جائزہ میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ کے دوران ایس ایس پی بڈگام نے انسداد ملی ٹینسی آپریشنز، امن و امان کے انتظامات، جرائم کی روک تھام کے اقدامات، منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائی، علاقے کے تسلط کی منصوبہ بندی اور ضلع کی مجموعی سیکورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ڈی جی پی نے آپریشنز، انسداد ملی ٹینسی کی حکمت عملیوں اور ضلع میں مجموعی طور پر سیکورٹی اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے فیلڈ افسران کے ذریعے قابل عمل انٹیلی جنس جنریشن پر زور دیا اور آپریشنل رفتار کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
موجودہ سیکورٹی چیلنجوں پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈی جی پی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ پاکستانی ملی ٹینٹوں کو بے اثر کرنے کے لیے غیر روایتی، غیر موافق اور جدید حکمت عملی اختیار کریں۔انہوں نے ملی ٹینسی کے خاتمے اور ضلع میں امن کے قیام کے لیے ان کے سپورٹ نیٹ ورکس کے خلاف توجہ مرکوز کرنے اور نئی کوششوں پر زور دیا۔مجموعی سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کے لیے، ڈی جی پی نے ایجنسیوں کے ساتھ ہموار تال میل برقرار رکھنے، علاقے کے تسلط کا موثر منصوبہ اور ضلع میں امن و امان کا جائزہ لیا۔انہوں نے شرپسندوں کے خلاف احتیاطی اقدامات کرنے، امن پسند شہریوں کو پولیسنگ کی روزمرہ کی سرگرمیوں میں شامل کرنے اور پولیس اور عوام کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنے کے اقدامات کو اپنانے پر زور دیا۔