سید امجد شاہ
جموں//بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل راجیو چودھری نے اکھنور-پونچھ قومی شاہراہ پر سنگل ٹنل پر جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جموں پونچھ ہائی وے پر 4 سرنگیں بنانے جا رہے ہیں اور سنگل ٹنل پر کام شروع ہو چکا ہے اور وہ ہائی وے پر موڑ بھی کم کر دیں گے تاکہ ہائی وے پر فاصلہ کم ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ اس پروجیکٹ کی کل تخمینہ لاگت 3600 کروڑ روپے ہے۔ڈی جی بی آر او نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا “سنگل سرنگ (سنگل گاو¿ں سے260 میٹر) ایک کم بجٹ کی سرنگ کے ساتھ تعمیر کی جائے گی، یعنی کل لاگت 423 کروڑ روپے کی لاگت سے“۔ڈی جی بی آر او نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹنل کے دونوں سروں پر کام شروع ہو چکا ہے، اکھنور کی طرف سے 70 میٹر سرنگ کھودی گئی ہے اور سرنگ کے دوسرے سرے پر تقریباً 162 میٹر سرنگ کھودی گئی ہے اور یہ اگلے دو سال میں 24 اگست کو مکمل ہونے کی امید ہے۔ اس سے آٹھ کلو میٹرکا فاصلہ کم ہو جائے گا اور ہائی وے کو سیدھا بنایا جائے گا اور چوڑا کرنے کا کام بھی جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سرنگ کے علاوہ فاصلہ کم کرنے کے لیے اسی سیدھ پر تین مزید سرنگیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ اکھنور سے پونچھ تک ڈبل لینگ کے آٹھ حصے ہیں جن میں سے چھ حصوں پر کام جاری ہے اور باقی دو حصوں پر بھی جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک تذویراتی سڑک ہونے کے علاوہ یہ سڑک اکھنور، راجوری اور پونچھ کے لوگوں کو ترقی کے مواقع فراہم کرے گی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ اکھنور – پونچھ ہائی وے پر چار سرنگیں گنجان شہروں کو بائی پاس کرنے کے لیے تعمیر کی جا رہی ہیں۔