عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان نے مقامی دفاعی ٹیکنالوجی کے میدان میں ایک اور بڑی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ ڈی آر ڈی او نے تیسری نسل کی مین پورٹیبل اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کا چلتے ہوئے ٹینک پر کامیاب فلائٹ ٹیسٹ انجام دیا ہے۔ یہ آزمائش 11 جنوری 2026 کو مہاراشٹر کے اہلیہ نگر میں واقع کے کے رینج میں کی گئی۔ یہ میزائل فائر اینڈ فارگیٹ ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور اس میں ٹاپ اٹیک صلاحیت موجود ہے، یعنی یہ دشمن کے ٹینک پر اوپر سے حملہ کر کے اسے مکمل طور پر تباہ کر سکتا ہے۔ آزمائش کے دوران میزائل نے اپنے ہدف کو غیر معمولی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا۔ اسے ہندوستان کے لیے ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ڈی آر ڈی او کے مطابق، یہ ایم پیٹ جی ایم مکمل طور پر مقامی ٹیکنالوجی سے تیار کی گئی ہے۔ اس میں امیجنگ انفرا ریڈ سیکر، آل الیکٹرک کنٹرول سسٹم، فائر کنٹرول سسٹم، ٹینڈم وار ہیڈ اور جدید سائٹنگ سسٹم شامل ہیں۔ یہ جدید ٹیکنالوجی ڈی آر ڈی او کی مختلف تجربہ گاہوں کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے۔ آزمائش کے دوران ڈیفنس لیبارٹری جودھپور کے تیار کردہ تھرمل ٹارگٹ سسٹم کا بھی استعمال کیا گیا۔ڈی آر ڈی او نے بتایا کہ یہ میزائل دن اور رات دونوں وقت جنگی کارروائیوں کے لیے موزوں ہے اور جدید مین بیٹل ٹینکوں کو تباہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اس میزائل کو ٹرائی پوڈ یا فوجی گاڑی سے لانچ کیا جا سکتا ہے۔ اس منصوبے میں ہندوستان ڈائنامکس لمیٹڈ اور ہندوستان الیکٹرانکس لمیٹڈ ترقی اور پیداوار کے شراکت دار ہیں۔وزیرِ دفاع راجناتھ سنگھ نے اس کامیاب آزمائش پر ڈی آر ڈی او، اس کے شراکت داروں اور صنعت کو مبارکباد دی۔ انہوں نے اسے خود کفیل ہندوستان کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا۔ وہیں ڈی آر ڈی او کے سربراہ اور دفاعی تحقیق کے سیکریٹری ڈاکٹر سمیر وی کامت نے کہا کہ تمام آزمائشیں کامیاب رہی ہیں اور اب یہ میزائل ہندوستانی فوج میں شامل کیے جانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔