محتشم احتشام
پونچھ//ڈی آئی جی سندیپ وزیر نے ایس ایس پی پونچھ اور دیگر سینئر پولیس افسران کے ہمراہ ضلع پونچھ کے سرحدی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) گاؤں سلوتری کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سرحدی علاقوں میں موجودہ سیکورٹی صورتحال اور آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈی آئی جی نے اگلے مورچوں پر تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور سرحدی پٹی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کیے گئے سیکورٹی انتظامات، نفری کی تعیناتی اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان رابطہ کاری کے نظام کا معائنہ کیا۔
انہوں نے پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا بھی جائزہ لیتے ہوئے حساس علاقوں میں مسلسل چوکسی، سیکورٹی اداروں کے مابین مؤثر تال میل اور متحرک پولیسنگ کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈی آئی جی نے دشوار گزار حالات میں فرائض انجام دینے والے اہلکاروں کی فرض شناسی اور خدمات کو سراہتے ہوئے ہدایت دی کہ وہ عوامی خدمت اور قومی سلامتی کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں اسی لگن اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیتے رہیں۔انہوں نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں قیامِ امن، عوام کے تحفظ اور مؤثر پولیسنگ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع پولیس پونچھ ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈی آئی جی کا یہ دورہ ایل او سی کے نزدیک واقع دیہات میں سیکورٹی نظام کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔