ڈوڈہ //ڈوڈہ میں 24 ویں روز بھی بندشیں عائد رہیں جس دوران معمولات زندگی متاثر ہوئی۔مسلسل کورونا کرفیو نافذ رہنے سے نجی کاروباری ادارے و ٹریفک نظام معطل رہا جس کے باعث مزدور پیشہ افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے درجنوں مزدوروں نے کہا کہ تعمیراتی سرگرمیاں بند رہنے سے ان کی روزگار چھن گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں عام آدمی پہلے ہی پریشان کن حالات سے دوچار ہے۔ عبدالغنی نامی ایک شخص نے کہا کہ وہ پیشہ سے مستری ہیں لیکن ایک ماہ سے کوئی کام نہیں کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مہلک وباء سے محفوظ رہنے کے لئے حفاظتی اقدامات کرنا لازمی ہے لیکن سماج کے ایسے سینکڑوں کنبے مالی بحران کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مرکزی و یوٹی انتظامیہ کو مالی طور پر کمزور افراد کی معاشی و اقتصادی حالت میں سدھار لانے کے لئے موثر اقدامات کرنے چاہئیں تاکہ ہزاروں گھروں کا مستقبل روشن ہو سکے۔