ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع کے بالائی علاقوں میں اتوار کی سپہر موسلا دھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جو آخری اطلاع ملنے تک جاری تھی۔ شدید بارشوں کی وجہ سے جہاں ندی نالوں میں ایک بار پھر طغیانی آگئی وہیں رابطہ سڑکیں زیر آب آگئیں۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کو بعد دوپہر ڈوڈہ کے بالائی علاقوں بشمول گندوہ بھلیسہ، بھدرواہ ،کاہرہ ،بونجواہ و ٹھاٹھری کے مضافات میں شدید بارشوں کا سلسلہ شروع ہوا جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہوئی۔اس دوران پانی و بجلی کے نظام کو متاثر ہوا ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں فصلوں، باغات و زرعی اراضی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ادھر چرالہ، فیگسو،بونجواہ ،چلی پنگل، کاہرہ، گندنہ ،بھلیسہ و دیگر مضافات سے مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے نکاسی نظام و حفاظتی دیواریں نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا سڑکوں سے رہائشی بستی میں داخل ہوتا ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔