سرینگر//لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان ،پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی،حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے ضلع ڈوڈہ میں المناک سڑک حادثہ میں 11افراد کے لقمہ اجل بننے اور متعدد کے زخمی ہونے پر افسوس کااظہا رکیا ہے۔ فاروق خان نے تعزیتی پیغام میں جاں بحق ہونے والے سوگوار کنبوں کے ساتھ یکجہتی و دلی ہمدردی اور زخمی مسافروں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی اور صوبائی اِنتظامیہ کام پر ہے اور زخمیوں اور سوگوار کنبوں کوہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ادھر محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں سڑک حادثے پر اظہار غم کرتے ہوئے کہاکہ ’ڈوڈہ کے المناک سڑک حادثے سے انتہائی رنج ہوا ،میں اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتی ہوں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں‘۔ اس دوران حریت کانفرنس (ع)نے نظر بند چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کی جانب سے ڈوڈہ میں پیش آئے بھیانک سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں اور 15 افراد کے شدید زخمی ہونے پر زبردست رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ جموںوکشمیر کے حدود میں آئے روز سڑک حادثات اور ٹریفک کی بدنظمی ایک عام بات اور شکایت بن چکی ہے اور ان حادثات میں بے تحاشا قیمتی انسانی جانیں تلف ہو رہی ہیں جو حد درجہ افسوسناک اور قابل توجہ ہے ۔حریت (ع) نے قیادت اورچیئرمین کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی فوری شفایابی کیلئے دعا کی ہے۔سی پی آئی ایم لیڈر محمد یوسف تاریگامی نے ڈوڈہ حادثہ پر گہرے رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے لواحقین سے ہمدردی ظاہر کی ہے۔انہوںنے مطالبہ کیا کہ مہلوکین کے ورثاء کو ایکسگریشیا ریلیف جبکہ زخمیوں کا مفت علاج کیاجائے۔