عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ و ایم ایل اے زیڈی بل تنویراعلیٰ صادق نے آج پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں منعقدہ ایک پُروقار تقریب کے دوران 12ویں نیشنل ڈریگن بوٹ چمپئن شپ کے میڈل یافتہ کھلاڑیوں کو تہنیتی اسناد اور تمغوں سے نوازا اور قومی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کا نام روشن کرنے پر انہیں بھرپور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر 30 کھلاڑیوں پر مشتمل دستے، جن میں 22 لڑکیاں اور 8 لڑکے شامل تھے، کو مجموعی طور پر دوسری پوزیشن (اوورآل رنرز اَپ) حاصل کرنے پر اعزاز سے نوازا گیا۔ ٹیم نے چمپئن شپ کے دوران 2 طلائی، 10 چاندی اور 18 کانسی کے تمغے حاصل کر کے اپنی محنت، اجتماعی نظم و ضبط اور اعلیٰ مسابقتی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کیا۔تقریب میں انجینئر عامر علی (سینئر نائب صدر، جموں و کشمیر ڈریگن بوٹ ایسوسی ایشن)، شبیر حسین (کپتان)، زین العابدین (بین الاقوامی کھلاڑی) اور مظفر احمد (خزانچی، ایسوسی ایشن) بھی موجود تھے۔یہ ٹیم کوچ فاروق احمد بٹ کی زیرِ نگرانی 12ویں نیشنل ڈریگن بوٹ چمپئن شپ میں شریک ہوئی، جو 24 سے 27 نومبر 2025 تک مہاراشٹر میں منعقد ہوئی۔ ٹیم کے 10 کھلاڑیوں کو چھٹے ایشیائی بیچ گیمز 2026 کے لئے بھارتی ٹیم کے حتمی انتخابی ٹرائلز میں شرکت کے لئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے، جو چین میں منعقد ہوں گے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تنویراعلیٰ صادق نے کھلاڑیوں اور ان کے کوچز کو ان کی مسلسل محنت، نظم و ضبط اور ثابت قدمی پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔