عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // اننت ناگ علاقہ کے معروف ماہر تعلیم اور باٹونی کے پروفیسر ڈاکٹر فیاض احمد شاہ 56سال کی عمر میں طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے. انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں منگل کو دن بارہ بجے اپنی آخری سانس لی۔ موصوف کافی عرصہ سے صاحب فراش تھے اور گزشتہ چند ماہ سے ڈیالیسز پر تھے۔ مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور دو بچے چھوڑ گئے ہیں۔
مرحوم کے انتقال پر عشمقام اور گرد ونواح میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی اور سماج کے تمام طبقات سے وابستہ لوگوں کے ایک جم غفیر نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کرکے تعلیمی میدان میں ان کی خدمات کو یاد کیا۔ بعدازاں انہیں آبائی قبرستان واقع زیارت شریف عشمقام میں پرنم آنکھوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔مرحوم کا رسم چہارم 10 نومبر جمعہ کو ہوگا جس دوران اجتماعی فاتحہ خوانی آبائی قبرستان واقع زیارت شریف عشمقام میں ہوگی جبکہ مرحوم کی موجودہ رہائش گاہ واقع ارم کالونی عشمقام اننت ناگ میں دن بھر تعزیتی مجلس جاری رہے گی۔