ڈوڈہ //ملکی و بین الاقوامی سطح پر رائفل نشانہ بازی میں مشہور کھلاڑی چین سنگھ کے اعزاز میں ضلع انتظامیہ نے ڈوڈہ میں ایک تقریب کا انعقاد کیاجس دوران ڈی سی وکاس شرما ،ایس ایس پی ممتاز احمد و دیگر آفیسران نے ان کا استقبال کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ چین سنگھ نے عالمی سطح پر ملک، یوٹی و اپنے آبائی خطہ کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین سنگھ ملک کے لئے قیمتی اثاثہ ہیں۔ایس ایس پی نے چین سنگھ کو ڈوڈہ ضلع کو اس ہونہار نوجوان پر فخر ہے اور وہ نوجوانوں کے لئے ایک مشعل راہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ چین سنگھ نے ضلع انتظامیہ کا اعزازی تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ اپنے آبائی ضلع میں میری کارکردگی کو سراہا گیا ہے۔واضح رہے کہ 31سالہ چین سنگھ کا تعلق ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے دور دراز گاؤں چنوری سے ہے اور اس وقت وہ انڈین آرمی میں جے سی او کے عہدے پر اندور میں تعینات ہیں۔ چین سنگھ نے آج تک بین الاقوامی سطح پر منعقد رائفل نشانہ بازی کھیلوں میں سونے کے 11، چاندی کے 3 و کانسی کے 4 تمغے حاصل کئے ہیں وہیں ملکی سطح کے مقابلوں میں 65 سے زائد تمغے جیت لئے ہیں۔2014 کی ایشین گیمز میں بھی انہوں نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے 2016 کے رئو اولمپک کھیلوں میں برازیل و 2018 کی کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا میں ہندوستان کی نمائندگی کی تھی۔