عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی/چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے جمعہ کو کہا کہ چین کے ساتھ غیر حل شدہ سرحدی تنازعہ قومی سلامتی کا سب سے بڑا چیلنج ہے جس کے بعد “ہندوستان کو ہزار زخم دیکر خون بہانے” کی پاکستان کی پراکسی جنگ اور اس کی حکمت عملی ہے۔ اعلی فوجی عہدیدار نے علاقائی عدم استحکام اور ہندوستان پر اس کے اثرات کی نشاندہی کی اور تیسرے اور چوتھے بڑے چیلنجز کے طور پر تیزی سے چیلنجنگ ماحول میں اعلیٰ ٹیکنالوجی کے اجزا کے ساتھ مستقبل کے میدان جنگ کے منظرناموں سے نمٹنے کے لیے تیاریوں کی اہمیت پر زور دیا۔ گورکھپور میں ایک تقریب سے خطاب میںجنرل چوہان نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کے ساتھ دو دشمنوں کی طرف سے آنے والے خطرات سے نمٹنا ہندوستان کے سامنے ایک اور بڑا چیلنج ہے کیونکہ اسے کسی بھی قسم کی روایتی جنگ کے لیے تیار رہنا ہوگا۔جنرل چوہان نے کہا کہ مسلح افواج کو آپریشن سندور کے لیے مکمل آپریشنل آزادی دی گئی تھی اور اس کا مقصد نہ صرف پہلگام حملے کا بدلہ لینا تھا بلکہ سرحد پار ملی ٹینسی کے خلاف سرخ لکیر کھینچنا بھی تھا۔جنرل چوہان نے کہا کہ میں چین کے ساتھ حل نہ ہونے والے سرحدی تنازع کو سب سے بڑا چیلنج سمجھتا ہوں، دوسرا بڑا چیلنج پاکستان کی طرف سے بھارت کے خلاف چلائی جا رہی پراکسی جنگ ہے۔”پاکستان کی حکمت عملی یہ ہے کہ ہندوستان کو ایک ہزار زخم دیکر خون بہایا جائے، اس کا مطلب ہے کہ ہندوستان کو آہستہ آہستہ نقصان پہنچانا اور ملک میں خون کا بہا جاری رکھنا ہے”۔انہوں نے کہا کہ تیسرا سب سے بڑا سیکورٹی چیلنج علاقائی عدم استحکام سے پیدا ہوا ہے، خاص طور پر جس طرح سے ہندوستان کے پڑوسی ممالک سماجی، سیاسی اور اقتصادی بدامنی کا سامنا کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی صورتحال ہندوستان کو بھی متاثر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ “چوتھا چیلنج یہ ہوگا کہ ہم مستقبل میں کس قسم کی جنگ لڑیں گے، جنگیں تیزی سے بدل رہی ہیں، مستقبل کی جنگیں زمین، ہوا اور پانی تک محدود نہیں رہیں گی، اس میں خلائی، سائبر اور الیکٹرو میگنیٹک ڈومینز شامل ہوں گے، ہمارے لیے ایڈجسٹمنٹ کرنا اور خود کو ایسے منظر نامے کے لیے تیار رکھنا ایک چیلنج ہوگا،” ۔پانچویں چیلنج پر، سی ڈی ایس نے کہا کہ “ہمارے دونوں مخالف جوہری ہتھیاروں سے لیس ہیں اور یہ ہمارے لیے ایک چیلنج رہے گا کہ ہم کس قسم کی روایتی جنگ لڑیں گے اور ہم ان سے نمٹنے کے لیے کس قسم کے آپریشن کا انتخاب کریں گے۔”جنرل چوہان نے کہا کہ چھٹا چیلنج مستقبل کی جنگ پر “ٹیکنالوجی اور اس کے اثرات” کے بارے میں ہے۔