یواین آئی
میڈرڈ/ریال میڈرڈ کے کوچ الوارو اربیلوا نے بائرن میونخ کے خلاف کوارٹر فائنل کے پہلے مرحلے میں شکست کے باوجود عزم ظاہر کیا ہے کہ ان کی ٹیم اب بھی ٹورنامنٹ میں برقرار ہے ۔ میڈرڈ کے ہوم گراؤنڈ پر کھیلے گئے سنسنی خیز مقابلے میں اگرچہ بائرن میونخ نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی، لیکن اسٹار فٹبالر کیلین ایمباپے کے اہم گول نے واپسی کی راہ ہموار کر دی ہے ۔کوچ اربیلوا کا کہنا ہے کہ ریال میڈرڈ دنیا کے کسی بھی میدان پر بازی پلٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور دوسرے مرحلے میں بھرپور مقابلہ کرے گی۔میچ کے آغاز سے ہی بائرن میونخ نے دباؤ برقرار رکھا۔ 41 ویں منٹ میں بائرن میونخ کے لوئس ڈیاز نے گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف کے آغاز میں اسٹار اسٹرائیکر ہیری کین نے اسکور 0-2 کر کے میڈرڈ کی مشکلات میں اضافہ کیا۔ کھیل کے آخری لمحات میں کیلین ایمباپے نے شاندار گول کر کے خسارہ 1-2 کر دیا۔ یہ رواں سیزن میں چیمپئنز لیگ میں ان کا 14 واں گول ہے ۔ریال میڈرڈ کے لیے آئندہ ہفتہ انتہائی اہم ہے ، تاہم انہیں کچھ رکاوٹوں کا سامنا ہے ۔اہم کھلاڑی اوریلین شوامینی پابندی کے باعث میونخ میں ہونے والے دوسرے مرحلے کے میچ میں شرکت نہیں کر سکیں گے ۔ مقامی لیگ میں بارسلونا سے 7 پوائنٹس پیچھے ہونے کی وجہ سے ریال میڈرڈ کیلئے اب چیمپئنز لیگ ہی ٹرافی جیتنے کا واحد اور بہترین موقع بچا ہے ۔