چیف سیکرٹری نے جموں و کشمیر میں پاور سیکٹر کا جائیزہ لیا

کشتواڑ۔ کھلینی پاور لائن کی فوری تکمیل کی ہدایت،جموں، سرینگر میں سمارٹ میٹرنگ مارچ 2023 تک مکمل ہوگی
جموں//چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے سول سیکرٹریٹ میں جموں و کشمیر میں پاور سیکٹر کے جائزہ اجلاس کی صدارت کی۔چیف سیکرٹری کو جموں اور سرینگر شہروں میں نصب کئے جانے والے 1.15 لاکھ سمارٹ میٹروں کے علاوہ بعد میں نصب کئے جانے والے اضافی 6 لاکھ میٹروں کے بارے میں بتایا گیا۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ نصب سمارٹ میٹروںمیں سے 91 فیصد پہلے ہی رابطہ کر رہے ہیں اور ان میں سے 64 ہزار سے زائد میٹرز کا جون 2022 تک بل آ چکا ہے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ جموں و کشمیر کو سمارٹ میٹروں کی تنصیب میں سب سے زیادہ ترجیح دی جا رہی ہے اور اس بات پر زور دیا کہ ان تمام 7 لاکھ میٹروں کو مارچ 2023 تک نصب کیا جانا چاہئیے اور محکمہ کی طرف سے بلنگ کیلئے آپریشنل کر دیا جانا چاہئے۔ضلع کشتواڑ کو مضبوط بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کشتواڑ۔ کھلینی پاور لائن کی تکمیل کیلئے چیف سیکرٹری کی طرف سے سخت ہدایات جاری کی گئیں۔

انہوں نے صارفین کو بجلی کی معیاری فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے آئندہ موسم سرما کے پیش نظر بجلی کی خریداری اور انتظام کے حوالے سے منصوبہ بندی کرنے پر زور دیا اور اس سلسلے میں کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز بھی دی۔ڈاکٹر مہتا نے ہدایت دی کہ سب سے زیادہ بجلی کے نقصانات والے فیڈرز کی نشاندہی کی جانی چاہئے اور ذمہ داروں کو جوابدہ ہونا چاہئے۔

انہوں نے مشورہ دیا کہ ٹرانسفارمرز کی دیکھ بھال کیلئے ایک شیڈول پر عمل کریں تا کہ ان کے خراب ہونے کو کم کیا جا سکے اور نقصان کی شرح کو 10 فیصد سے نیچے لایا جا سکے۔چیف سیکرٹری نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلا تعطل معیاری بجلی کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے واجبات کی ادائیگی لازمی ہے اور صارفین کے زیر التوا واجبات کی ادائیگی کیلئے مہم شروع کرنے پر زور دیا۔چیف سیکرٹری نے بجلی کی فراہمی کے ڈیمانڈ سائیڈمینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے اور بجلی کی خریداری کا آزادانہ آڈٹ کرانے پر زور دیا۔ انہوں نے بجلی کی فی یونٹ سپلائی کی اوسط لاگت ( اے سی ایس ) کے درمیان فرق کا اوسط ریونیو ریلائزڈ ( اے آر آر ) کے مقابلے میں موازنہ کیا اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کی ہدایت دی۔انہیں بجلی کے محکمے کی طرف سے چلائی جانے والی انسپیکشن مہم کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور انہوں نے محکمہ کی طرف سے اپنائے جانے والے آن لائن بلنگ میکانزم کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے زور دیا کہ صارفین کو بل بنانے پر ایس ایم ایس کے الرٹ فراہم کئے جائیں۔

چیف سیکرٹری کو بتایا گیا کہ تمام محکمانہ خدمات آن لائن موڈ پر منتقل ہو گئیں ہیں۔چیف سیکرٹری کی طرف سے ماہرین کی مشاورت سے کیرو پاور پراجیکٹ کو آگے بڑھانے اور ایس سی اے ڈی اے کے کاموں کو مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔