یو این آئی
بیجاپور، // چھتیس گڑھ کے بیجاپور۔دنتے واڑا سرحد کے مغربی بستر ڈویڑن کے علاقے میں بدھ کی صبح سے جاری نکسل مخالف کارروائی کے دوران نکسلیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی مڈبھیڑ میں 12 نکسلی مارے گئے جبکہ ضلع ریزرو گارڈ (ڈی آر جی) کے تین جوان ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔اطلاعات کے مطابق اب تک 12 نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ مڈبھیڑ میں زخمیوں میں سے ایک جوان کا علاج ضلع اسپتال بیجاپور میں جاری ہے، جسے جنگل سے فضائیہ کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے لایا گیا تھا جبکہ دوسرے زخمی جوان کو اسپتال لانے کی کوششیں جاریتھیں۔پولیس کے مطابق علاقے میں سکیورٹی فورسز کی فیصلہ کن اور جارحانہ کارروائی جاری ہے۔ مڈبھیڑ کی جگہ سے ایل ایم جی، ایس ایل آر، انساس اور 303 رائفلوں سمیت بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود ضبط کیا گیا ہے۔بیجاپور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جتندر یادو نے بتایا کہکل صبح نو بجے سے ڈی آر جی دنتے واڑا۔بیجاپور، اسپیشل ٹاسک فورس، کوبرا اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی مشترکہ ٹیموں نے سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔