چکترومین تا پوٹھی قاضی محلہ سڑک کا حال بے حال | عوام سراپا احتجاج، محکمہ و ٹھیکیدار پر رقومات کی خرد برد کا الزام

 

حسین محتشم

پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے چکترو حلقہ پنچایت کی عوام نے سڑک کی خستہ حالی کو لیکر زبردست احتجاج کرتے ہوئے سڑک کے نام پر متعلقہ محکمہ و ٹھیکیدار پر سرکاری رقومات کو خرد برد کرنے کا الزام لگایا۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے اس سلسلے میں تحقیقات کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔

 

مظاہرین کا کہنا تھا کہ یہ سڑک گاؤں کے نالے کے ساتھ سے ہوکر گزرتی ہے اور اسکی تعمیر کا کام 2015 میں شروع ہوا تھا جس کے بعد سے تا حال سڑک خستہ حالی کا شکار ہے۔انہوں نے بتایا کہ سڑک کے اردگرد حفاظتی باندھ تعمیر کرنے کے نام پر ٹھیکیداروں و متعلقہ محکمہ کے افسران نے بندر بانٹ کرتے ہوئے سرکاری رقم کوو خرد برد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ سرکاری خزانے سے لاکھوں روپے واگذار ہونے کے باوجود زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہوا۔

 

انہوں نے بتایا کہ حالیہ بارشوں سے قبل ہی متعلقہ محکمہ و ٹھیکیدار نے اس سڑک کے گردونواح نالیوں کی پیمائش کی تھی لیکن تھوڑی سی بارش سے وہ نالیاں پانی کے ساتھ ہی بہہ گئیں۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ نالیوں کوغیر معیاری بنایا گیا تھا یہی وجہ ہے کہ وہ بارش کے پانی کو بھی برداشت نہ کر سکے۔انہوں نے کہا پوٹھی تا قاضی محلہ سڑک کے جوڑ پر پورے گاؤں کی پانی کی نکاسی کیلئے ایک نالہ ہے جس میں صرف دو فٹ کی پائپ لگائی گئی جو سڑک کے نیچے سے ایک نالی کے پانی کی ہی نکاسی کر سکتی تھی لیکن ٹھیکیدار و متعلقہ محکمہ کے ملازمین کی ملی بھگت سے یہاں دو فٹ کی پائپ لگائی گئی جس سے حالیہ بارشوں میں نالہ میں آئی معمولی طغیانی سے سارے باندھ و سڑک ہی بہہ گئی۔

 

انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ یاسین محمد چوہدری سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سڑک پر خرچ رقومات کی اعلی سطحی جانچ کروائیں تاکہ مستقبل میں کوئی سرکاری رقومات کا غلط استعمال نہ کرے۔