چوہدری ناڑ۔ملہت ڈوڈاج رابطہ سڑک کھڈوں میں تبدیل

عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// چوہدری ناڑ ۔ ملہت ڈوڈاج رابطہ سڑک کی انتہائی خراب حالت ہے جو جگہ جگہ سے کھڈوں میں تبدیل ہو چکی ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کافی عرصہ پہلے اس سڑک پر بلیک ٹاپنگ کی گئی تھی جس کا اب نام و نشان مٹ چکا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اس سال موسم گرما میں مون سون بارشوں، بادل پھٹنے اور سیلاب کی وجہ سے اس سڑک کا سب سے زیادہ نقصان ہوا ہے جگہ جگہ سے سڑک ٹوٹی ہوئی ہے اور نالیاں بلاک ہو چکی ہیں۔ سماجی کارکن مرتضی مرزا نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ مون سون بارشوں کو تقریباً چھہ ماہ ہو چکے لیکن ابھی تک اس سڑک کو بنانے کا کام ڈیپارٹمنٹ نے شروع نہیں کیا سڑک پر اتنے بڑے بڑے کھڈے پڑھ چکے ہیں کہ پوری پوری گاڑی بیچ میں ڈوب جاتی ہے۔ مرزا نے الزام لگایا کہ متعلقہ محکمہ محو خواب ہے کیونکہ متعدد مرتبہ ہم نے ڈیپارٹمنٹ کے سامنے گوہار لگائی ہے لیکن ہماری بات کسی نے نہیں سنی اور نہ ہی اس سلسلے میں آج تک کوئی اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ لیراں،سوکڑ ، پروڑی ،اوجہان ،ملہت ، دوڈاج ،ٹوپہ ،مڈون ،ہل تاک وغیرہ کی ہزاروں کی تعداد بسنے والی آبادی اس سڑک کی تباہی کی وجہ سے بری طرح متاثر ہے بے روزگار نوجوانوں نے بنک سے قرضہ لے کر گاڑیاں لی ہیں لیکن اس تباہ حال سڑک کی وجہ سے گاڑیوں کا برا حال ہوگیا ہے۔ عوامی نمائندوں کے ہمراہ مرتضیٰ مرزا نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری وکاس کنڈل سے اپیل کی ہے کہ ہماری عوام کو اس مصیبت سے نکالا جائے متعلقہ محکمہ کو سختی سے اس سڑک کی توسیع اور ضروری مرمت کے لئے خصوصی احکامات جاری کیے جائیں تاکہ عوام کو راحت مل سکے۔ انھوں نے متعلقہ محکمہ سے بھی اپیل کی ہے کہ ایک ہفتے کے اندر اندر مشینری لگا کر جگہ جگہ سڑک پر پڑے کھڈوںکو بھرا جائے، ڈرینج سسٹم کو فعال کیا جائے اور آنے والے گرمی کے موسم میں اس پوری سڑک پر چوہدری ناڑ سے ڈوڈاج تک بلیک ٹاپ کیا جائے بصورت دیگر اپنے مطالبات کے حل کیلئے ایک بڑا احتجاج شروع کیا جائے گا جس کی ساری ذمہ داری انتظامیہ کی ہو گی۔