محتشم احتشام
پونچھ//ضلع پونچھ کے مصروف علاقے چنڈک میں روزانہ لگنے والا ٹریفک جام شہریوں کے لئے ایک سنگین اور مستقل مسئلہ بنتا جا رہا ہے۔ صبح و شام کے اوقات میں گاڑیوں کی طویل قطاریں معمول بن چکی ہیں، جس کے باعث طلباء، ملازمین، مریضوں اور عام راہگیروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ٹریفک کی بدنظمی نہ صرف قیمتی وقت کے ضیاع کا سبب بن رہی ہے بلکہ ذہنی کوفت اور اعصابی دباؤ میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق چنڈک چونکہ شہر کے اہم تجارتی اور رہائشی راستوں کو جوڑتا ہے، اس لئے یہاں ٹریفک کا دباؤ معمول سے کہیں زیادہ رہتا ہے۔ مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ اس حساس مقام پر نہ تو ٹریفک پولیس کی مستقل تعیناتی ہے اور نہ ہی کسی مؤثر نظام کے تحت آمد و رفت کو کنٹرول کیا جا رہا ہے۔ نتیجتاً معمولی رکاوٹ بھی گھنٹوں پر محیط ٹریفک جام میں تبدیل ہو جاتی ہے۔علاقہ مکینوں اور دکانداروں نے زور دے کر کہا کہ اگر چنڈک میں ٹریفک پولیس کے اہلکار مستقل طور پر تعینات کئے جائیں تو اس مسئلے پر بڑی حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ سڑک کے دونوں اطراف غیر قانونی پارکنگ کو روکا جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے۔عوامی حلقوں نے جموں اینڈ کشمیر پولیس اور بالخصوص ضلع پولیس انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری مداخلت کرتے ہوئے چنڈک میں روزانہ کے ٹریفک جام سے شہریوں کو نجات دلائیں۔ شہریوں نے ایس ایس پی پونچھ سے بھی پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذاتی دلچسپی لے کر اس مسئلے کا مستقل اور پائیدار حل یقینی بنائیں، تاکہ عوام کو روزمرہ کی اذیت سے چھٹکارا مل سکے۔عوام کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں ٹریفک کا یہ مسئلہ مزید سنگین صورت اختیار کر سکتا ہے، جس کے اثرات شہر کی مجموعی نقل و حرکت اور کاروباری سرگرمیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضلع انتظامیہ اور ٹریفک پولیس ان کی آواز سن کر فوری اور مؤثر کارروائی عمل میں لائے گی۔