بارہمولہ //ضلع بارہمولہ کے رفیع آباد بارہمولہ میں چنم سے پازلپورہ رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی آبادی اور ٹرانسپورٹروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ رواں سال محکمہ کی جانب سے ڈنگی وچھہ سے پازلپورہ رابطہ سڑک کی مرمت اور تارکول بچھانے کا کام شروع کیا گیا تھا تاہم چنم تک پانچ کلو میٹر سڑک پر تارکول بچھایا گیا جبکہ 9 کلو میٹر کو ادھورا ہی چھوڑا گیا۔ انہوںنے کہا کہ سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہہ ہے اور جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں ۔ سڑک کی ناگفتہ بہہ حالت سے ٹرانسپورٹروں ،مسافروں اور طلاب کو سخت مشکلات کا سامنا ہے جس کے نتیجے میں چنم اور پازلپورہ کے علاوہ تیس دیہات کی آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر چہ لوگوں نے اس سڑک کی خستہ حالی کے بارے میں کئی بار انتظامیہ کی نوٹس میں لیا تھا تاہم یقین دہا ینوں کے باوجود اس سڑک کی مرمت کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیاگیا۔انہوںنے مزید بتایا کہ اس سڑک کی حالت اس قدر خستہ ہے کہ ٹرانسپورٹر اس سڑک پر اپنی گاڑیاں چلانے سے ڈر محسوس کر رہے ہیں ۔ مقامی لوگوں نے ضلع انتظامیہ اور لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی طرف بھی دھیان دیاجائے تاکہ لوگوں کے مشکلات میں مزید اضافہ نہ ہو۔اس سلسلے میں محکمہ آر اینڈ بی کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ باقی سڑک کی مرمت کیلئے محکمہ کے پاس رقومات دستیاب نہیں ہیں۔