چسانہ کی پنچایت بنہ میں نالے پر رابطہ پل تعمیر نہ ہوسکا عام لوگوں کی آمد ورفت متاثر،مکینوں کا انتظامیہ مخالف احتجاج

محمد بشارت

ریاسی //ضلع ریاسی کی تحصیل چسانہ کی پنچایت حلقہ بنہ بی کی وارڈ نمبر 4 کالابن میں نالے پر پل نہ ہونے کی وجہ سے عوامی کو کئی طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے کی عوام، بچوں اور طلبا کو روزانہ جان جوکھم میں ڈال کر نالہ عبورکرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پل کی تعمیر کو اگرچہ حکومت نے منظوری دی تھی تاہم مقامی پنچائتی نمائندگان نے اس پیسے کومبینہ طورپر ہڑپ کر لیاہے جس وجہ سے پل تعمیر نہ ہوسکا۔مقامی لوگوں نے متعلقہ محکمہ اور مقامی انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ 2021میں مذکورہ پل کی تعمیر میں ہوئی تاخیر کے سلسلہ میں انہوں نے متعلقہ بلاک ڈیو لپمنٹ آفیسر کو ایک درخواست بھی دی تھی جس کو انہوں نے مزید تحقیقات و جانچ پڑتال کیلئے متعلقہ سیکریٹری کو لکھا تھا لیکن اس کے بعدجانچ کرنے کے بجائے درخواست ہی غائب کر دی گئی ۔مظاہرین نے بتایا کہ دریا پر پل نہ ہونے کی وجہ سے سکولوں میں زیر تعلیم بچوں کی آمد ورفت بھی متاثر ہورہی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نالے پر رابطہ پل کی تعمیر میں ہوئی تاخیر کی تحقیقات کر کے اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کی ہدایت جاری کی جائیں ۔