اشتیاق ملک
جموں// جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے چسانہ علاقے میں پیر کی صبح باراتیوں سے بھری ایک گاڑی حادثے کا شکار ہوئی جس کے نتیجے میں 2 افراد کی موت جبکہ 12 دیگر زخمی ہوگئے۔ذرائع نے بتایا کہ ریاسی کے چسانہ علاقے میں باراتیوں سے بھری ایک منی گاڑی گہری کھائی جا گری جس کے نتیجے میں 2 باراتیوں کی موت جبکہ 12 دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ یہ گاڑی بلمت کوٹ سے بدر جا رہی تھی اور یہ حادثہ پیر کی صبح قریب 6 بجے پیش آیا۔ان کا کہنا تھا کہ متوفین میں سے ایک جس کی شناخت 26 سالہ محمد اشرف کے بطور ہوئی، کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا 17 طاہر احمد ہسپتال میں دم توڑ گیا۔زخمیوں جن میں 11 لڑکیاں شامل ہیں، کو علاج و معالجے کے لئے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔دریں اثنا پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہیں۔چسانہ کے ایس ایچ او سمن سنگھ نے بتایا کہ بس بلمت کوٹ سے بدر گاؤں جا رہی تھی جب یہ حادثہ صبح 6 بجے کے قریب دھمنی کے قریب پیش آیا۔ فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ایک شخص جس کی شناخت25سالہ محمد اشرف کے نام سے ہوئی،کومردہ پایا گیا۔13دیگر جن میں نو لڑکیاں بھی شامل ہیں جن کی عمریں تین سے 19 سال کے درمیان تھیں،زخمی ہوئے تھے ۔ افسر نے بتایا کہ شدید طور پر زخمی ہونے والوں میں سے ایک17 سالہ طاہر احمد خصوصی علاج کے لیے راجوری منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔ادھرڈوڈہ کے گھٹ ببور سڑک پر پیش آئے موٹرسائیکل حادثہ میں ایک جوان لقمہ اجل بن گیا ہے۔ پیر کی شام ساڑھے پانچ بجے کے قریب گھٹ ببور سڑک پر ببور نالہ کے نزدیک موٹرسائیکل زیر نمبرJK06B-1433 حادثہ کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں ایک بتیس سالہ جوان جاں بحق ہوا جس کے شناخت عبدالرشید ولد صادق بٹ ساکنہ چیڑا ٹھاٹھری حال جیٹھلی کے طور ہوئی۔مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی زخمی شخص کو گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔