بانہال//بانہال سے قریب چار کلومیٹر دور چاپناڑی علاقے میں ایک چھوٹا بچہ گھر کے نزدیک بنے ایک چھوٹے سے تالاب میں گر کر لقمہ اجل بنا ہے ۔ مہلوک بچے کی شناخت ڑھائی سالہ سمت سنگھ ولد بہادر سنگھ ساکنہ چاپناڑی کے طور کی گئی ہے اور وہ سابقہ سرپنچ اور مقامی معزز چون سنگھ کا پوتا تھا۔ مہلوک بچے کے رشتہ داروں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کی صبح چائے ناشتہ کے بعد اس کے گھر میں ماں اور گھر کے اس اکلوتے بیٹے کی بہنیں اور والدہ موجود تھیں جبکہ ان کا والد ٹرک ڈرائیور بہادر سنگھ ٹرک لیکر سرینگر نکل گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچہ گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا اور اس دوران وہ وہاں بنائے گئے ایک چھوٹے سے تالاب میں مگ لیکر پانی نکالنے کی کوشش کے دوران گر گیا ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے معاملہ اس واحد بھائی کی بہنوں کی نوٹس میں آیا اور انہوں نے ماں کو اطلاع کی لیکن تب تک بچے کی موت واقع ہوگئی تھی۔چاپناڑی کی اس ہندو بستی سے اٹھی چینخ و پکار نے چاپناڑی کے بستی والوں کو اپنی طرف متوجہ کیا اور بچے کو فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال بانہال منتقیل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ جمعرات کی سہ پہر بعد اس بچے کی اخری مذہبی رسومات پرنم آنکھوں کے ساتھ انجام دی گئیں۔ اس واقع کی خبر سن کر چاپناڑی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں رنج وغم کی لہر دوڑ گئی اور سینکڑوں کی تعداد میں لوگ مہلوک بچے کے گھر پہنچ گئے ۔ کئی سیاسی ، سماجی اور مذہبی جماعتوں اور زمہ داروں نے اس واقع پر اپنے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غمزدہ خاںدان سے اپنی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔