محتشم احتشام
پونچھ//اسپورٹس اسٹیڈیم پونچھ میں جاری چار صاحب زادے کرکٹ ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن کے سلسلے میں 09 جنوری 2026 کو ایک سنسنی خیز مقابلہ خالصہ اور اسٹار کلب سرنکوٹ کے درمیان کھیلا گیا، جس میں شائقینِ کرکٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔میچ میں خالصہ ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ مقررہ 15 اوورز میں خالصہ کی ٹیم نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز اسکور کئے۔ ٹیم کی جانب سے گگن اور پربجوت نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے بالترتیب 32 اور 30 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کے مجموعی اسکور میں اہم کردار ادا کیا۔جواب میں ہدف کے تعاقب کے لئے میدان میں اتری اسٹار کلب سرنکوٹ کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 14.2 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ اسکور حاصل کر لیا اور مقابلہ اپنے نام کر لیا۔ اسٹار کلب کی جانب سے ابرار چوہدری نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 56 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔میچ کے اختتام پر شاندار ہمہ جہت کارکردگی کی بنیاد پر ابرار چوہدری کو ان کی عمدہ بولنگ اور مجموعی کھیل پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا، جس پر شائقین نے بھرپور تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔میچ میں ڈاکٹر ہمالیہ شرما بطور مہمانِ خصوصی موجود رہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے ٹورنامنٹس نوجوانوں میں کھیلوں کے فروغ، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔آخر میں چار صاحب زادے کرکٹ ٹورنامنٹ کی مینجمنٹ کمیٹی نے تمام ٹیموں، شائقین اور منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کے عزم کا اعادہ کیا۔