کپوارہ// ویلگام رامحال میں قائم پرائمری ہیلتھ سنٹر کی عمارت کو 4سال قبل آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں شدید نقصان پہنچ چکا ہے لیکن عرصہ درا ز گزر جانے کے باجود بھی اسپتال عمارت کی تعمیر وتجدید کاکام شروع نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے اسپتال میں جگہ کی عدم دستیابی سے مریضو ں کے علاوہ اسپتال میں تعینات طبی اور نیم طبی عملہ کو بھی مشکلات کاسامنا کرنا پڑتا ہے ۔ضلع ہیڈ کواٹر سے قریب 20کلو میٹر دور واقع ویلگام رامحال میں قائم طبی مرکزمیں جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں اور تیمادارو ں کے علاوہ طبی اور نیم طبی عملہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ 4سال قبل اسپتال عمارت دوران شب آگ کی ایک واردات میں خاکستر ہوئی تاہم محکمہ فائر اینڈ ایمر جنسی کی بر وقت کاروائی کی وجہ سے اسپتال عمارت کے ایک حصہ کو بچالیا گیا لیکن اسپتال میں جگہ کی کمی کا بحران کھڑا ہوا ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ4سال قبل خاکستر ہوئی طبی مرکز کی عمارت کی تعمیر و تجدید کا کام شروع نہیں کیا گیا ۔صورتحال کا انداہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اسپتال میں چند کمرے ہی بچ گئے جہا ں او پی ڈی ،ایکسرے اور دیگر ٹیسٹ ایک ہی کمرے میں کئے جاتے ہیں جبکہ ایک کمرے میں مریضوں کے داخلہ کے لئے پانچ بستر ہی دستیاب ہیں کیونکہ اس اسپتال میں جگہ کی بہت کمی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ جگہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کو ہندوارہ ،کپوارہ یا سرینگر کے اسپتالو ں کا رخ کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق اسپتال عمارت کی تعمیر و تجدید کے لئے ٹینڈر بھی نکالے گئے تاہم کام شروع نہیں کیا گیا ۔مقامی لوگو ں کا مزید کہنا ہے کہ ماضی میں مذکورہ اسپتال میں ویلگام سمیت کئی علاقوں کے لوگو ں کو طبی ضرورت کافی حد تک پورا کیا جاتا تھا لیکن آگ کی واردات کے بعد اسپتال میں جگہ کی قلت کے باعث ویلگام کی کثیر آ بادی کو دقتو ں کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ4سال قبل خاکستر ہوئی اسپتال عمارت کی تعمیر و تجدید کاکام فوری طور شروع کریں ۔اس حوالہ سے بلاک میڈیکل آفیسر ویلگام ڈاکٹر غلام رحیم نے کشمیر عظمیٰ کو بتا یا کہ میری تعیناتی اس سال عمل میں لائی گئی لیکن اسپتال کو آگ کی واردات میں نقصان ہونے کے بعد جگہ کی بہت کمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی مشکل سے اسپتال میں مریضوں کا علاج و معالجہ کیا جاتا ہے جبکہ کئی شعبے ایک ہی کمرے میں کام کرتے ہیں ۔انہو ں نے مزید کہا کہ اسپتال کے لئے نئے سازوسامان کو رکھنے کے لئے بھی جگہ دستیاب نہیں ہے اور اس بارے میں انہو ں نے محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو بھی مطلع کیا ہے ۔