عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//این سی صدر فاروق عبداللہ نے جمعہ کے روز پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حالیہ برسوں میں جموں و کشمیر میں ہونے والی سیاسی اور آئینی تبدیلیوں کی ذمہ دار یہی جماعت ہے۔پی ڈی پی کی جانب سے یہ الزام عائد کیے جانے پر کہ عمر عبداللہ کی حکومت یوگی آدتیہ ناتھ کے ماڈل پر چل رہی ہے، فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر کی موجودہ صورتحال پیدا کرنے میں خود پی ڈی پی کا کردار رہا ہے۔
انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ‘‘یہ سب انہوں نے ہی کیا۔ آرٹیکل 370 کس نے ختم کیا؟ 35 اے کس نے ختم کیا؟ اس کے ذمہ دار وہی ہیں۔’’ بظاہر 2015 میں پی ڈی پی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اتحاد کی طرف اشارہ کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے رہنما نے پارٹی کو جموں و کشمیر کی ‘‘تباہی’’ کا ذمہ دار قرار دیا۔ فاروق عبداللہ نے مزید الزام لگایا کہ پی ڈی پی قیادت نے اپنے ماضی کے سیاسی فیصلوں کے نتائج پر خود احتسابی نہیں کی۔ سدرا، جموں میں گوجر اور بکروال خاندانوں کے مکانات کی حالیہ مسماری کے معاملے پر، جس نے سیاسی تنازع کو جنم دیا ہے، سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس معاملے میں جموں و کشمیر حکومت شامل نہیں ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہا کہ انہدامی کارروائیوں کی تحقیقات جاری ہیں اور الزام لگایا کہ اسی نوعیت کی کارروائیاں جموں کے کئی دیگر علاقوں میں بھی ہوئی ہیں۔ نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد کے اندر اختلافات سے متعلق سوال پر فاروق عبداللہ نے اسے افواہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد برقرار ہے۔ انہوں نے کہاکہ‘‘میرے خیال میں یہ سب ہمارے مخالفین کہہ رہے ہیں۔ اتحاد قائم ہے، کچھ نہیں ہوگا۔