جموں// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے پارٹی کی میڈیا ٹیم کو وسعت دیتے ہوئے پانچ معاون ترجمان مقرر کئے ہیں، جن میں سے دو کا تعلق جموں خطہ سے ہے۔پارٹی صدر محبوبہ مفتی کی منظوری کے بعد اتوار کو یہاں پارٹی کے ترجمان اعلی رفیع احمد میر نے پارٹی کی میڈیا ٹیم کے ناموں کا اعلان کیا۔ یہاں جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ممبر اسمبلی یاور دلاور میر ،طاہر سعید اور نجم ثاقب کشمیر صوبہ جبکہ ایم ایل سی فردوس احمد ٹاک اور ابھیجیت جسروٹیہ جموں صوبہ کے لئے پارٹی کے معاون ترجمان ہوں گے۔بیان کے مطابق معاون ترجمان پارٹی کے ترجمان اعلی کی قیادت میں میڈیا کے سامنے پارٹی کا موقف رکھیں گے اور پارٹیوں کی پالسیوں ڈیجیٹل اور مین اسٹریم میڈیا کے ذریعہ لوگوں تک پہنچائیں گے۔ واضح رہے کہ نامور صحافی و وکیل فردوس ٹاک ٹیلی ویژن پر ہونے والے مباحثوں میں پارٹی کا موقف کامیابی سے رکھتے رہے ہیں۔ کشتواڑ ضلع سے 2014میں پارٹی ٹکٹ پر حصہ لے چکے فردوس ٹاک اس وقت قانون سازیہ کے ایوان بالا کے ممبر ہیں۔