سرینگر// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے انتظامیہ کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ترقی کو ترجیحی شعبہ قرار دینے کے نعرے کھوکھلے ہیں۔پارٹی کے جنرل سکریٹری غلام نبی لون ہانجورا نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیر میں ترقی کی رفتار مدہم پڑجانے سے انتظامیہ کی نا اہلی ثابت ہوچکی ہے ۔انہوں نے کہا ’’محبوبہ مفتی کی سربراہی میں پی ڈی پی کی زیرقیادت منتخب حکومت کی طرف سے منظور شدہ منصوبوں کو یا تو فنڈز کی کمی یا بیوروکریسی نے پس پشت ڈال دیاہے۔ بڈگام اور گاندربل اضلاع اس طرح کی سرکاری بے حسی کا سب سے زیادہ شکار ہیں‘‘۔پارٹی کی تنظیم نو کے بعد بڈگام اور گاندربل کے پارٹی کارکنوں کے پہلے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہانجورا نے کہا کہ پارٹی کی جڑوں کو مضبوط بنانے اور عام آدمی کی بھرپور حمایت کرنا پارٹی کے لئے اب بھی ضروری ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ان مشکل اوقات میں جموں و کشمیر میں پائیدار امن کے لئے پی ڈی پی کا ایجنڈا ہی قابل عمل حل ہے۔ہانجورا نے کہا کہ عوام کے تمام طبقات تک پہنچنا کارکنوں کی ذمہ داری ہے اور محبوبہ مفتی کی طرف سے شروع کی گئی جمہوری مزاحمت کا پیغام آگے بڑھانے اور پارٹی ڈھانچے کو مستحکم کرنا لازمی ہے۔انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اب تک تمام ضلعی کنونشنوں کا وسیع پیمانے پر پذیرائی حاصل ہوئی ہے ۔ہانجورا نے کہا کہ صورتحال مزید بہتر بنانے کے لئے بڈگام اور گاندربل کے پارٹی کارکنوں کو انتھک محنت کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بڈگام اور گاندربل پی ڈی پی کے لئے ترجیحی اضلاع ہیں۔اجلاس میں ریاستی سکریٹری عبدالحمید کوشین اور ضلعی کمیٹی بڈگام کے رہنما محمد یٰسین بٹ ، طارق محی الدین ، فیاض احمد ڈار (ڈی ڈی سی ممبر) ، شاہنواز احمد ، عبدالسلام بٹ ، بشارت نسیم ، بشیر احمد بیگ ،ثناء اللہ ڈار اور ضلعی کمیٹی گاندربل کے قائدین جن میں بلال احمد (وی سی ڈی ڈی سی گاندربل) ، محمد یوسف بٹ (ڈی ڈی سی) ، ظہور احمد بٹ ، مشتاق احمد بٹ اور غلام نبی شاہین موجود تھے۔