پی سی آر کے باہر اورچاڑورہ میں گرینیڈ دھماکے، پولیس اہلکار اور شہری زخمی بٹوٹ کازخمی پولیس کانسٹیبل دم توڑ بیٹھا، سکوٹی مالک گرفتار،پونچھ میں پُر اسرار دھماکہ

ارشاد احمد +سمیت بھارگو

سرینگر +راجوری// پولیس کنٹرول روم سرینگر اور گوپالپورہ چاڑورہ میں ملی ٹینٹوں نے پیر کی رات گرینیڈ پھینکے جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار اور ایک غیر مسلم شہری زخمی ہوئے۔ ادھرنوہٹہ سرینگر میں ہوئے اچانک انکوانٹرکے دوران زخمی پولیس کانسٹیبل دم توڑ بیٹھا جبکہ پونچھ میں ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس سے ایک گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔پولیس نے بتایا کہ پولیس کنٹرول روم سرینگر کے باہر ملی ٹینٹوں نے رات کے قریب ساڑھے 9بجے گرینیڈ پھینکا جو زوردار دھماکے کیساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں آئی آر پی چھٹی بٹالین کا کانسٹیبل شبیر احمد زخمی ہوا جسے اسپتال یں داخل کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔اس دوران پولیس نے بتایا کہ ملی ٹینٹوں نے گوپال پورہ چاڑورہ میں پیر کی شام دیر گئے گرینیڈ سے حملہ کیا اور گرینیڈ کے زوردار دھماکے کے نتیجے میں ایک شہری زخمی ہوا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اسکی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔

 

زخمی غیر مسلم شہری کی شناخت 20سالہ انیل سنگھ ولد کرن سنگھ ساکن گوپالپورہ کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے علاقے میں تلاشی کارروائی شروع کی ہے۔ادھراتوار کی رات قریب 9بجے غنی سٹیڈیم نوہٹہ میں اچانک انکوانٹر کے دوران زخمی پولیس کانسٹیبل سرفراز احمد ساکن بٹوٹ رام بن پیر کی صبح فوجی اسپتال بادامی باغ میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔کشمیر زون پولیس نے دوران ڈیوٹی بہادری کیساتھ اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران اپنی جان کی قربانی دینے والے سرفراز احمد کوشاندار خراج پیش کیا۔پولیس کنٹرول روم میں مہلوک جوان کوسلامی دی گئی اوراعلیٰ پولیس افسران نے اسکو خراج عقید ت پیش کیا،جسکے بعدسرفراز احمد کے جسدخاکی کوآبائی علاقہ بٹوٹ رام بن بھیجاگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملی ٹینٹ فرار ہونے کے وقت سکوٹی، ایک رائفل اور دو گرینیڈ چھوڑ کرگئے۔پولیس نے سکوٹی ضبط کی اور تفتیش کرنے کے بعد اسکے مالک عمر مختار نقیب ود بشیر احمد ساکن نٹی پورہ سرینگر کو حراست میں لیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص نے پرانی سکوٹی مومن گلزار نامی ملی ٹینٹ کو فراہم کی تھی۔ سکوٹی سے اسلحہ ، گولہ بارود، دھماکہ خیز مواد اور کپڑے وغیرہ بر آمد کئے گئے تھے۔

 

ادھرپونچھ ضلع کے مینڈھر علاقے کے نار بالاکوٹ علاقے میں پیر کو 15 اگست کی تقریب کے دوران ایک پراسرار دھماکہ ہوا۔پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں ایک کھڑی گاڑی کو نقصان پہنچا لیکن مقامی سرپنچ آفتاب خان کے ساتھ پنچایت گھر میں ترنگا لہرانے کے کام میں کوئی خلل نہیں پڑا۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جو مقام سے کچھ فاصلے پر ہوا تھا۔ادھر بدھل راجوری کے سوجان ہل اور کاندرا ہل علاقوں میں60آر آر، پولیس بدھل اور ایس او جی کی جانب سے پیر کو لگاتار تلاشی کارروائی جاری رہی۔ اتوار شام کو فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز میں دوبارہ کوئی آمنا سامنا نہیں ہوا۔آپریشن بدھل پہاڑی سلسلے کے اوپری حصے میں ہورہا ہے جہاں نزدیکی جنگلات اور پیر پنچال کا پہاڑی سلسلہ ہے۔