بھدرواہ //6 برسوںکے لمبے انتظار کے بعد ایڈیشنل ضلع بھدرواہ کے تین پنچایتوں بشمول ڈگی، کاہرہ اورچھترا میں لوگوں نے راحت کی سانس لی کیونکہ حُکام نے پردھان منتری گرامین سڑک یوجنا کے تحت سیری۔چھترا سڑک پر دوبارہ کام شروع کیا ہے جسے 2012 میںمعطل کیا گیا تھا۔6کلو میٹر لمبی سیری۔چھترا سڑک کو پی ایم جی ایس وائی سکیم کے تحت 2009 میں تعمیر کے لئے لیا گیا تھا جسکی تکمیل 18 مہینوں کی مدت کے اندر مکمل کرنے مطلوب تھی۔لیکن اس سڑک کے پہلے مرحلہ میں فقط زمین کے کٹائو کا کام ہی انجام دیا گیا تھا کہ 2012 میں نہ جانے کن وجوہات پر اس پر کام معطل کیا گیا تھا،جس سے تین پنچایتوں کے لوگوں کو مایوسی ہوئی۔ان لوگوں نے تقریباً 5 سال تک اس سڑک کی تعمیری کام کے لئے کافی جد و جہد کی اور آخر کار انہوں نے اس سڑک کی تکمیل کی امید ہی چھوڑ دی تھی لیکن دیر سے ہی صیح اس سڑک کے دوسرے مرحلہ کا کام شروع ہونے کے ساتھ ہی لوگوں میں امید کی کرن پیدا ہوئی اور بھاری برکم مشینوں سے اس پر کام شدو مد سے شروع کیا گیا ہے اور اسکی تکمیل کاہدف اکتوبر مہینہ مقررکیا گیا ہے۔اے ای ای ،پی ایم جی ایس وائی ڈوڈہ عطا محمد شیخ نے کہا کہ اس سڑک کے دوسرے مرحلہ پر ناگُزیر حالات کی وجہ سے کام معطل کر دیا گیا ۔اس سڑک کے مکمل ہونے سے علاقہ کے تقریباً آدھے درجن دیہات کو سال بھر چلنے والا سڑک فراہم ہوگا۔علاقہ کے لوگوں خصوصاً کسانوں اور طلاب میں مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔انہیں توقع ہے کہ آخرکار اس سڑک کو طے مدت میں مکمل کیا جائے گا۔