ریاسی میں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں میں نعرہ بازی، عوام نے معیار بہتر بنانے کا مطالبہ کیا
سمت بھارگو
ریاسی//ضلع ریاسی میں ہفتہ کے روز پردھان منتری گرام سڑک یوجنا (پی ایم جی ایس وائی) کے تحت تعمیر کی گئی سمبل سے ڈیرہ بابا تک سڑک کے افتتاح کے موقع پر اْس وقت صورتحال کشیدہ ہو گئی جب مقامی باشندوں نے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سڑک کو مکمل ہوئے بغیر ہی عوام کے نام وقف کیا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کے مطابق، اس اہم منصوبے کا افتتاح قبل از وقت کیا گیا جس سے عوام میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔یہ 10.5 کلومیٹر طویل ڈبل لین سڑک پی ایم جی ایس وائی کے تحت تعمیر کی گئی ہے، جس کا افتتاح رکنِ پارلیمان جگل کشور شرما نے کیا۔ اس موقع پر ایم ایل اے کٹرہ بلدیو راج شرما اور ڈی ڈی سی چیئرمین ریاسی سراف سنگھ ناگ بھی موجود تھے تاہم افتتاحی تقریب کے فوراً بعد ہی مقامی لوگوں کے ایک گروپ نے نعرے بازی شروع کر دی اور انتظامیہ پر الزام لگایا کہ ادھورے منصوبے کو سیاسی فائدے کے لئے مکمل قرار دیا جا رہا ہے۔احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ 10.5 کلومیٹر سڑک کے کئی حصے ابھی تک زیرِ تعمیر ہیں جبکہ جن حصوں پر کام مکمل دکھایا جا رہا ہے وہاں بھی تعمیراتی معیار انتہائی ناقص ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ باقی ماندہ کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے اور سڑک کے معیار کو بہتر بنایا جائے، تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور پائیدار سہولت فراہم ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ سڑک جیسے اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے میں لاپرواہی ناقابلِ قبول ہے، کیونکہ یہ براہِ راست عوام کی زندگی اور روزمرہ سفر سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔
اسی دوران کچھ افراد، جن کا تعلق نیشنل کانفرنس (این سی) سے بتایا جا رہا ہے، نے بھی احتجاج کرتے ہوئے نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری کی عدم موجودگی پر سوال اٹھائے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائب وزیر اعلیٰ کا نام افتتاحی تختی پر درج ہے، اس کے باوجود وہ تقریب میں شریک نہیں ہوئے، جو حیران کن اور قابلِ اعتراض ہے۔ مظاہرین نے اسے حکومت کے اندر رابطہ کاری کی کمی سے تعبیر کیا۔صورتحال اْس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب بی جے پی اور نیشنل کانفرنس کے کارکنوں کے درمیان نعرہ بازی شروع ہو گئی۔ دونوں اطراف کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف آوازیں بلند کرتے رہے جس سے موقع پر کچھ دیر کے لئے تناؤ کی کیفیت پیدا ہو گئی تاہم رکنِ پارلیمان جگل کشور شرما، ایم ایل اے بلدیو راج شرما اور دیگر سینئر لیڈران کی بروقت مداخلت سے حالات پر قابو پا لیا گیا اور ماحول کو پْرامن بنا دیا گیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جگل کشور شرما نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ خود اس معاملے کی مکمل جانچ کریں گے اور یہ معلوم کریں گے کہ سڑک کی تعمیر میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی شکایات کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور باقی ماندہ کام کو جلد مکمل کرنے کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات دی جائیں گی۔ انہوں نے اس بات کا بھی وعدہ کیا کہ سڑک کے معیار کی جانچ کرائی جائے گی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔نائب وزیر اعلیٰ سریندر چوہدری کی غیر حاضری کے حوالے سے جگل کشور شرما نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ محض ایک اتفاق ہے۔ ان کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ کا پروگرام کے مطابق یہاں آنا طے تھا، لیکن وہ کسی ناگزیر وجہ سے کہیں اور مصروف ہو گئے، اسی لئے وہ تقریب میں شریک نہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کو غیر ضروری طور پر سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔افتتاحی تقریب کے دوران پیش آنے والے اس واقعے نے ایک بار پھر ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت اور معیار پر سوال کھڑے کر دئیے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر سڑک واقعی مکمل نہیں ہوئی تو اس کا افتتاح عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ زمینی سطح پر حقائق کا جائزہ لے اور صرف رسمی کارروائیوں کے بجائے عملی اقدامات کئے جائیں، تاکہ سرکاری منصوبوں کا اصل فائدہ عام شہریوں تک پہنچ سکے۔