عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) جموں کی جانب سے بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی (بی جی ایس بی یو) راجوری میں میڈیا ورکشاپ ’وارتالاپ‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں حکومت ہند کی قبائلی فلاح و بہبود اور ترقیاتی اسکیموں پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔ ورکشاپ کا خاص مرکز وائبرنٹ ولیجز پروگرام اور قبائلی علاقوں میں جاری دیگر فلاحی اقدامات رہے، جبکہ ضلع راجوری میں حاصل شدہ کامیابیوں کو بھی نمایاں کیا گیا۔ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے بی جی ایس بی یو کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اقبال نے قبائلی برادریوں کی سماجی و معاشی ترقی میں میڈیا کے کردار کو نہایت اہم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا حکومت اور عوام کے درمیان ایک مضبوط پل کا کام کرتا ہے جو نہ صرف معلومات کی فراہمی کو یقینی بناتا ہے بلکہ شفافیت اور جوابدہی کو بھی فروغ دیتا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کی بڑھتی ہوئی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مقامی زبانوں میں معلومات کی فراہمی سے قبائلی علاقوں میں شمولیت اور آگاہی میں اضافہ ممکن ہے۔پی آئی بی جموں کی ڈائریکٹر نیہا جلالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ میڈیا ترقی کے عمل میں ایک اہم شراکت دار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قبائلی ثقافت، روایات اور قدرتی وسائل کا تحفظ کرتے ہوئے ترقی کا سفر آگے بڑھایا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ پائیدار ترقی کے لیے متوازن حکمت عملی اپنانا ضروری ہے تاکہ مقامی شناخت برقرار رہے اور فلاحی اسکیموں کا فائدہ بھی پہنچ سکے۔ڈپٹی کمشنر راجوری ابھشیک شرما نے میڈیا کو درپیش جدید چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات، ڈس انفارمیشن اور ڈیپ فیک ٹیکنالوجی جیسے مسائل موجودہ دور میں صحافت کے لیے بڑا امتحان ہیں۔ انہوں نے ذمہ دار صحافت، میڈیا اخلاقیات اور ڈیجیٹل خواندگی کی ضرورت پر زور دیا۔اسسٹنٹ کمشنر ڈیولپمنٹ اوکیل نوید نے وائبرنٹ ولیجز پروگرام کی پیش رفت بیان کرتے ہوئے کہا کہ منتخب دیہات میں بنیادی سہولیات جیسے رہائش، پینے کا پانی، صحت، تعلیم، سڑک رابطہ اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان پائلٹ دیہات کے تجربات کو مستقبل میں دیگر علاقوں تک توسیع دی جائے گی۔ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر عبد الرحیم نے قبائلی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے نشہ مکت بھارت ابھیان کے تحت نشہ چھڑانے کے مراکز کے قیام کی بھی جانکاری دی، جہاں مشاورت اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔بی جی ایس بی یو کے سینٹر فار ملٹی ڈسپلنری اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر دانش اقبال نے میڈیا میں تبدیلی کے موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹنگ کے دوران قبائلی سماج کی ثقافت اور طرز زندگی کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے راجوری میں سیاحت کے بے پناہ امکانات کو اجاگر کرنے کی بھی ضرورت بتائی۔ورکشاپ میں مختلف افسران، میڈیا نمائندگان اور یونیورسٹی عہدیداران نے شرکت کی۔ پروگرام کے دوران ایک انٹرایکٹو سیشن بھی منعقد ہوا جس میں صحافیوں نے قبائلی علاقوں میں اسکیموں کے نفاذ سے متعلق سوالات اٹھائے اور تجاویز پیش کیں۔