سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی سیاسی امورکی کمیٹی کے ممبران نے جموں کشمیرکی موجودہ صورتحال سے متعلق پارٹی صدرمحبوبہ مفتی کے موقف کی توثیق کی ہے۔ایک بیان کے مطابق پارٹی صدرمحبوبہ مفتی کی صدارت میں سیاسی امور کی کمیٹی کی میٹنگ میں جموں کشمیرمیں مسلط کردہ غیریقینی اورخوف کے ماحول پرافسوس کااظہار کرتے ہوئے ممبران نے پارٹی کے عزم کی سراہنا کی ۔پی ڈی پی کی تشکیل نواورمحبوبہ مفتی کے دوبارہ صدرمنتخب ہونے کے بعدپارٹی کی پہلی میٹنگ ، کے دوران جموں کشمیرکی موجودہ سیاسی صورتحال اور اس سے پیدا شدہ حالات پرغور کیا گیا۔میٹنگ کے دوران ہندپاک تعلقات میں یخ پگلنے کاخیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک کے قیام امن کیلئے حالیہ اقدامات اور سرحد کے دونوں اطراف جنگ بندی معاہدے کااحترام کرنے کی ستائش کی گئی۔پارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی نے دونوں ممالک کی حکومتوں پرزوردیا کہ وہ روایتی بیان بازی سے آگے بڑھ کر مذاکرات کا سلسلہ شروع کریں اور سیاسی تبادلہ خیال میں کشمیر مسئلہ کو فوقیت دیںتاکہ اس کے ثمرآور نتائج سامنے آئیں۔برصغیرکی سیاسی صورت حال میں تبدیلیوں کواُجاگر کرتے ہوئے ممبران نے کہاکہ اس حوالے سے پی ڈی پی کاسیاسی موقف اورایجنڈاپائیدار امن کے قیام کیلئے رہنما ثابت ہورہا ہے۔میٹنگ میں سرینگر ۔ مظفر آباد، پونچھ ۔راولاکوٹ ، سکردو ۔ کرگل، اور جموں۔سیالکوٹ راستوں سے حد متارکہ کے آرپار تجارت کی فوری بحالی پرزوردیتے ہوئے کہا گیا کہ رابطوں اور اشیاء اورلوگوں کی بلاخلل آواجاہی سے خطے میں غریبی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔مرکزی اداروں کی طرف سے محبوبہ مفتی کی آوازکی دبانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ممبران نے پارٹی صدر کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیااور اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ جموں کشمیرکے عوام کے حقوق اورعزت کوواپس بحال کرنے کیلئے محبوبہ مفتی کی جدوجہد کے ساتھ ہیں۔ قابل ذکرہے کہ سینئر رہنما اورپارٹی کی سیاسی امور کی کمیٹی کے ممبران سرتاج مدنی اور نعیم اختر اس میٹنگ میں حصہ نہیں لے سکیں کیوں کہ وہ دونوں نظر بند ہیں۔میٹنگ میں ان دونوں کی مسلسل نظر بندی کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور رہا کیاجانا چاہیے۔سیاسی امور کی کمیٹی کے ممبران نے پارٹی کے یوتھ صدر وحید پرہ پر لگائے گئے الزامات کو رد کیا اور اس کی نظر بندی کو سیاسی انتقام گیر ی سے تعبیر کرتے ہوئے اس کی فوری رہائی کی مانگ کی۔میٹنگ میں سینئر نائب صدورعبدالرحمن ویری اور چودھری عبدالحمید،جنرل سیکریٹری ڈاکٹر محبوب بیگ ،جی این لون ہانجورہ،نظام الدین بٹ،ودیگر شامل تھے۔