جموں/سید امجد شاہ/ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ نے جمعہ کے روز کہاکہ پہلے کے مقابلے میں جنگجوؤں کی تعداد بہت کم ہے اور آنے والے دنوں میں جنگجوئوںکی تعدادمزید کم ہوجائے گی۔ ڈی جی پی نے ریاسی کے تلوارہ علاقہ میں جموں و کشمیر پولیس کے 15ویں بی آر ٹی سی بیچ کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی ایک تقریب کے حاشئے پر گفتگو کے دوران کہاکہ جموں وکشمیرمیں پہلے کے مقابلے میں جنگجوؤں کی تعداد بہت کم ہے اور اس کو آنے والے دنوں میں مزید کم کیا جائے گا ۔پولیس چیف نے کہا کہ جس جگہ جنگجو موجود ہوں ،وہاں اُن کیخلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے ۔ دلباغ سنگھ نے کہاکہ آج 604 اہلکاروں پر مشتمل قافلہ جموں و کشمیر پولیس میں شامل ہوا ہے جس سے پولیس کو مزید طاقت ملے گی اور ہماری عوام کی خدمت کرنے کی قوت میں مزید اضافہ ہوگا۔پولیس اہلکاروں اور سیاسی لیڈروں پر ہونے والے حملوں کے بارے میں پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ جس جگہ200 سے زائد جنگجو موجود ہوں اور انہیں مارا جا رہا ہو تو وہ ناپاک حرکتیں کریں گے۔ دلباغ سنگھ نے کہا کہ جنگجوؤں کی حرکتوں کو ختم کیا جائے گا اور ان کے خلاف لڑائی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں پہلے کے مقابلے میں جنگجوؤں کی تعداد کم ہے اور آنے والے دنوں میں اس کو مزید کم کیا جائے گا۔