اننت ناگ//مرکزی وزیر مملکت صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر بھارتی پروین پوار نے اننت ناگ میں عوامی رَسائی پروگرام کے دوران پہلگام میں 50بستروں والے ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر بھارتی نے کہا کہ حکومت عوام الناس کو بہتر صحت سہولیات کی فراہمی کے لئے پُر عزم ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ٹیکہ کاری پروگرام ملک بھر میں آسانی اور کامیابی سے چلایا جارہا ہے جس میں اَب تک تقریباً80 کروڑ ٹیکے لگائے جاچکے ہیں۔ڈاکٹر بھارتی نے پی ایچ سی پہلگام میں صحت اَفسران کے ایک اجتماع سے خطاب کیا او رمقامی لوگوں سے بات چیت بھی کی۔اُنہوںنے وسیع پیمانے پر عوامی رسائی پروگرام کے دوران تقریبات اور سرگرمیوں کی ایک سیریزمیں حصہ لیاجس میں سرکاری اَفسران ، منتخب عوامی نمائندوں،وفود اور مستفیدین نے شرکت کی۔وزیر نے ڈی ڈی سی کے چیئرمین ، ڈی ڈی سی اور جنگلات کے اَفسران کے ساتھ محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام شجرکاری مہم میں حصہ لیا ۔ڈاکٹر بھارتی نے مختلف شعبوں جیسے زراعت ، باغبانی ، آئی سی ڈی ایس ، صحت ، سماجی بہبود ، ہینڈ لوم /دستکاری ، صنعت و حرفت ، امور نوجوان و کھیل کود ، این آر ایل ایم ، بھیڑ و پشو پالن وغیرہ محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالوں کا معائینہ کیا۔انہیں حکومت کی مرکزی معاونت والی اور فلیگ شپ سکیموں میں متعلقہ محکموں کی کامیابیوں کے بارے میں جانکاری دی گئی۔وزیر موصوف نے مستحقین کے ساتھ بات چیت کی او رانہیں منظور ی کے احکامات، سماعت کے آلات ، موٹر سائیکلوں وغیرہ کی شکل میں فلاحی فوائد سے نوازا ہے۔وزیر موصوف سے ڈی ڈی سی اور بی ڈی سی کے اراکین ، پی آر آئی او رکونسلروں کے علاوہ متعدد وفود نے ملاقات کی اور مختلف مسائل پر ان سے بات چیت کی۔اُنہوں نے اَپنے متعلقہ علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کی اَپ گریڈیشن سمیت صحت کی سہولیات سے متعلق مختلف مطالبات پیش کئے۔ڈاکٹر بھارتی نے عوامی نمائندوں اور وفود کو بغور سنا اور یقین دِلایا کہ ان کے جائز مسائل او رمطالبات کوحل کیا جائے گا۔عوامی نمائندوں او روفود نے حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔ اُنہوں نے وزیر کا علاقے کا مکمل دورہ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔بعد میں وزیر نے اروکا دورہ کیا او رزیر تعمیر ذیلی مرکز پر جاری کام کی رفتا ر او رمعیار کا جائزہ لیا۔ اُنہوں نے معیاری ہدایات کے مطابق ذیلی مرکز کے قیام پر زور دیا تاکہ دُور دراز علاقے کے لوگوں کے لئے معیاری صحت دیکھ ریکھ کو یقینی بنایا جاسکے۔