عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سیاحتی مقام پہلگام میں منگل کی علی الصبح ایک ہوٹل میں بھیانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ہوٹل کی 3 عمارتیں اور ایک گاڑی تباہ ہو گئی۔حکام کے مطابق آگ نے لاری پورہ علاقے میں واقع’اسل ریزورٹ‘ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے بعد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ آگ بجھانے کے لیے پہلگام، سلر اورعشمقام سے اضافی فائر ٹینڈرز بھی طلب کیے گئے۔
آگ بجھانے کے دوران متعدد ایل پی جی سلنڈروں کے دھماکوں نے صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیا، تاہم طویل جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا۔اگرچہ آتشزدگی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم ایک افسوسناک واقعہ اْس وقت پیش آیا جب ایک مقامی ہوٹل کے منیجر کی موت واقع ہو گئی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق فائر اینڈ ایمرجنسی گاڑی ریورس ہونے کے دوران ایک مقامی شہری کو ٹکر لگی جس کے سبب وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے فوری طور پر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہاں موجود ڈاکٹروں نے بتایا کہ اسپتال پہنچانے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی۔ریسکیو آپریشن کے دوران مقامی لوگوں نے بھی امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس کے نتیجے میں ہوٹل میں موجود تمام سیاحوں اور ملازمین کو بحفاظت باہر نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی تک تعین نہیں ہو سکا ہے اور اس حوالے سے تحقیقات جاری ہے۔
؎