عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// گزشتہ سال پہلگام میں حملے میں جان بحق ہونے والے 26 شہریوں کو یاد کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا کہ تشدد کی اْس سفاکانہ واردات نے ہمارے دلوں میں ایک گہرا زخم چھوڑ دیا ہے۔ بخاری نے اپنے ایکس ہینڈل پر لکھا: ’’پہلگام کے بائسرن میں گزشتہ سال ہوئے دہشت گردانہ حملے، جس میں 26 معصوم جانیں چلی گئیں، نے ہمارے دلوں میں ایسا زخم چھوڑ گیا ہے جو کبھی مندمل نہیں ہوگا۔ آج بھی اس کا واقعہ کا دْکھ اور درد کو شدت سے محسوس کیا جاتا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’آج کے دن، جب ہم اس سانحہ کی برسی منا رہے ہیں، میں جاں بحق ہوئے اشخاص کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ تعالیٰ انہیں ابدی سکون عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل دے۔‘‘
ادھرسابق وزیراعلیٰ غلام نبی آزاد نے پہلگام حملے کے متاثرین کو ان کی پہلی برسی پر یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کیا اور دہشت گردی سے پاک پرامن مستقبل کی امید کا اظہار کیا۔ایکس پر ایک پوسٹ میں غلام نبی آزاد نے کہاکہ پہلگام میں گھناؤنے دہشت گردانہ حملے کے ایک سال بعد، ہم 25 بے گناہ سیاحوں اور بہادر مقامی باشندوں کو گہرے دکھ کے ساتھ یاد کرتے ہیں جو تشدد کے اس وحشیانہ عمل میں مارے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس حملے میں نہ صرف عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا بلکہ کشمیر کی روح اور اس کیلئے کھڑا ہر چیز پر بھی حملہ کیا گیا۔غلام نبی آزاد نے مزید کہاکہ اس کے باوجود، کشمیر امن، انصاف اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کی کوششوں میں مضبوط اور متحد ہے۔
ادھرمیرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کی پہلی برسی کے موقع پر ہم گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ اْن افراد کو یاد کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں، اور اْن کے اہلِ خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، جو اس سانحے کے کرب کو آج بھی برداشت کر رہے ہیں اور بدقسمتی سے ہمیشہ کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے یہ دن ،ہر سال ہمیں گزشتہ تین دہائیوں کے دوران پیش آنے والے ایسے ہی المناک واقعات کی یاد دلا کر ہمارے زخموں کو تازہ کر دیتے ہیں کیونکہ اس تنازع میں اب تک ہزاروں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام کا عدم تشدد اور باوقار، پائیدار امن کے حصول کے لیے مذاکرات پر یقین اور اْن کی امنگیں بدستور غیر متزلزل ہیں۔عوامی اتحاد پارٹی (اے آئی پی) کے ترجمان انعام النبی نے متاثرین کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔انعام نے سالگرہ کو ایک ایسا لمحہ قرار دیا جو معاشرے کے اخلاقی ضمیر کو جانچتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات سے ہر ایک کو انسانی زندگی کے تحفظ اور امن کو برقرار رکھنے کی اہمیت یاد دلانی چاہیے۔